پنجاب کے ہسپتالوں کا کنٹرول ترک کمپنی کو دینے کا فیصلہ


فیصل آباد(ندیم جاوید)مسلم لیگ ن کی حکومت نے پنجاب بھر کے تمام بڑے ہسپتالوں کا کنٹرول ترک کمپنی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ منصوبے کے لئے کمپنی کیساتھ تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور اس پر عمل درآمد شروع بھی ہو چکا ہے۔ نیوزلائن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب کے تمام بڑے ہسپتالوں کا انتظامی کنٹرول ترک کمپنی کو دیدیا جائے۔صوبائی حکومت کی طرف سے ہسپتالوں کو ملنے والے فنڈز اسی طرح دئیے جاتے رہیں گے اور علاج معالجے کے حوالے سے پالیسی بھی صوبائی حکومت ہی تشکیل دے گی تاہم ڈاکٹرز‘ پیرامیڈیکل سٹاف‘ نرسوں اور دیگر عملے کو رکھنے اور انہیں نکالنے کا اختیار ترک کمپنی کو دیدیا جائے گا۔ کمپنی کسی بھی ڈاکٹر یا سٹاف ممبر کے خلاف کارروائی کر سکے گی اور انہیں ملازمت سے برطرف کر سکے گی۔ اس کے علاوہ تمام انتظامی اقدامات کرنے کیلئے بھی کمپنی مکمل طور پر بااختیار ہو گی۔ ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف اس کمپنی کیساتھ تمام معاملات طے کر چکے ہیں اور پنجاب حکومت کا یہ منصوبہ عمل درآمدی مرحلے میں ہے۔ ملتان میں ایک بڑا ہسپتال تجرباتی طور اس کمپنی کا دیا بھی جا چکا ہے۔ اگلے مرحلے میں فیصل آباد‘ لاہور‘ راولپنڈی‘ سرگودھا‘ گوجرانوالہ‘ بہاولپور کے ہسپتالوں کو اس کمپنی کے حوالے کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

Related posts