شہباز شریف کے پنجاب میں غریب کی5 بچوں سمیت خودکشی


ملتان (نیوزلائن)شہباز شریف کے ”خوشحال“ پنجاب کے”لہلہاتے کھیتوں والے صحرا نما“شہر لیہ میں غربت کے ستائے شہری نے پانچ بچوں سمیت زہر پی کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔نیوزلائن کے مطابق واقعہ پیش آیا ہے لاہور سے دور دراز جنوبی پنجاب کے شہر لیہ میں‘ جہاں 45سالہ شہری طارق نے غربت سے تنگ آکر اپنے ہی ہاتھوں اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔طارق نے نہ صرف خود زہر پیا بلکہ اپنے بیٹے طیب‘ اور اپنی بیٹیوں طیبہ‘ صبا‘ تنزیلہ‘شہناز کو بھی زہر پلایا اور ایک ساتھ 6زندگیوں کا خاتمہ کر لیا۔جنوبی پنجاب میں غربت کے ہاتھوں اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ ایک طرف تو پنجاب کے حکمران مسلسل دعوے کرتے نہیں تھکتے کہ پنجاب میں ”دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں“ خوشحالی کا زور زورا ہے اور عوام کو زندگی کی ہر سہولت میسر ہے۔ صوبے میں خوشحالی ہے اور کھیت کھلیان لہرا رہے ہیں جبکہ پنجاب کے ہی بعض علاقے لیہ‘ بھکر‘ تھل‘ بہاولنگر‘ بہاولپور‘ مظفر گڑھ اور جنوبی پنجاب کے دیگر شہر صحرا کا منظر پیش کر رہے ہیں اور روزی روٹی کے مواقع میسر نہ ہونے کی وجہ سے وہاں کے لوگ مسلسل غربت کی چکی میں پس رہے ہیں۔”لاہور“ کی ترقی کے ثمرات پنجاب کے اس خطے میں ندارد ہیں۔

Related posts