ڈائمنڈ فیبرکس کا ٹیکس فراڈ پکڑا گیا‘ کلکٹر کسٹم فیصل آباد بھی ملوث نکلا

ٖفیصل آباد(ندیم جاوید)ڈائمنڈ فیبرکس فیصل آبادکا کروڑوں روپے کاٹیکس فراڈپکڑا گیا۔ کسٹم حکام نے جعلی ساز ی اور”ریفنڈ“ سازش کیلئے استعمال کیا جانیوالا ڈائمنڈ فیبرکس کاکروڑ وں روپے کا کپڑا قبضے میں لے لیا۔ڈائمنڈ فیبرکس کے مالکان اور ڈائریکٹرز کیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔نیوزلائن کے مطابق ڈائمنڈ فیبرکس فیصل آبادنے جعلی سازی اور دھوکہ دہی سے کام لیتے ہوئے فیصل آباد سے بیڈ شیٹ کی ایک کنسائنمنٹ برطانیہ کیلئے بکنگ کروائی۔ کنسائنمنٹ کی مالیت اور کوالٹی چھپائی گئی اورلاکھوں روپے کی کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی نہ کی گئی جبکہ کپڑے کی کوالٹی بھی غلط بتائی گئی اور حکومت سے بھاری ”ریفنڈ“حاصل کرنے کی سازش بھی کی گئی۔ اطلاع ملنے پر کسٹم انٹیلی جنس اسلام آباد کی ٹیم نے کراچی میں چھاپہ مار کر ملزمان کا ٹیکس فراڈ پکڑ لیا۔ ڈائمنڈ فیبرکس کے مالکان اور ڈائریکٹرز کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ڈائمنڈ فیبرکس 3کلومیٹر جڑانوالہ روڈ کھرڑیانوالہ فیصل آباد کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ یہ اس سے قبل بھی ٹیکس فراڈ‘ مس ڈیکلریشن‘ کسٹم فراڈ اور متعدد دیگر جرائم میں ملوث رہی ہے۔نیوزلائن کے مطابق کسٹم انٹیلی جنس کی ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ڈائمنڈ فیبرکس کے ٹیکس اور مس ڈیکلریشن فراڈ میں کسٹم کلکٹر فیصل آباد‘ جی ایم ڈرائی پورٹ فیصل آبادعامر مجید‘ 2بڑے کسٹم کلئیرنگ ایجنٹ اور ڈرائی پورٹ فیصل آباد کے متعدد دیگر افسران ملوث ہیں۔ڈائمنڈ فیبرکس کے مالکان و ڈائریکٹرز کی گرفتاری اور ملوث سرکاری افسران و کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس کیخلاف کارروائی کیلئے کسٹم انٹیلی جنس اسلام آباد کی خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔اس حوالے سے مؤقف جاننے کیلئے ڈائمنڈ فیبرکس کے چیف ایگزیکٹو محمد شریف‘ سی ای او خرم شہزاد اور ڈائریکٹر بلال شریف سے متعدد بار رابطہ کیا گیا مگر ان کے تمام فون نمبر بند اور تینوں افراد اپنے کاروباری پتے سے غائب پائے گئے۔

Related posts