پانامہ جے آئی ٹی نے کام شروع کردیا‘ نواز شریف کو تفتیش کیلئے طلب کیا جائےگا


اسلام آباد(نیوزلائن)پانامہ کیس کی انکوائری کیلئے سپریم کورٹ کی تشکیل کردہ جے آئی ٹی نے کام شروع کردیا ہے۔ جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس جوڈیشل اکیڈمی میں منعقد ہوا اجلاس کی صدارت جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے کی۔ اجلاس میں کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ سپریم کورٹ کی طرف سے جے آئی ٹی کو انکوائری کیلئے دئیے گئے سوالات پر بھی غور ہوا۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے طے کیا ہے کہ کیس کے تمام متعلقین کو تفتیش کیلئے طلب کیا جائے۔ تفتیش وزیر اعظم میاں نواز شریف سے بھی کی جائے گی اور انہیں تفتیش کیلئے طلب کیا جائے گا۔ تفتیش کیلئے نواز شریف کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کو بھی بلایا جائے گا۔ کیس سے وابستہ دیگر افراد سے بھی اس حوالے سے انکوائری ہو گی جبکہ سپریم کورٹ میں میاں نواز شریف کے خلاف درخواست دینے والے افراد عمران خان‘ سراج الحق‘ شیخ رشید کو بھی بلایا جا سکتا ہے۔ متعلقین کے بیانات‘ تفتیش‘ جرح کے علاوہ انویسٹی گیشن ٹیم اب تک پیش کردہ دستاویزات کا بھی جائزہ لے گی جبکہ مزید انکوائری کیلئے متعدد اداروں کے ریکارڈ کا بھی معائینہ کیا جائے گا۔میاں نواز شریف کو طلب کرنے کی تاریخ ابھی طے نہیں کی گئی تاہم رواں ہفتے ہی تاریخ فائنل ہو سکتی ہے۔

Related posts