اختیارات کی جنگ: مئیر فیصل آباد کی رانا ثناء اللہ کیخلاف بغاوت


فیصل آباد(ندیم جاوید)مئیر فیصل آباد محمد رزاق ملک نے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہ دئیے جانے اور بلدیاتی امور میں پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ کی مداخلت کے معاملے پر بغاوت کردی ہے۔رانا ثناء اللہ نے مئیر فیصل آباد کی بغاوت کچلنے کیلئے انہیں نااہل کروانے سمیت مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔نیوزلائن کے مطابق رانا ثناء اللہ خاں کے اپنے بنائے ہوئے مئیر فیصل آباد محمد رزاق ملک نے وزیر قانون کیخلاف بغاوت کردی ہے۔ جس کی وجہ سے رانا ثناء اللہ کے فیصل آباد میں گروپ کو شدید دھچکا پہنچا ہے جبکہ صوبائی حکومت اور پارٹی میں ان کی پوزیشن کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ بغاوت کی وجہ مئیر رزاق ملک کی طرف سے بلدیاتی اداروں کو مسلسل اختیارات نہ دئیے جانے کا شکوہ اور اختیارات کے حصول کیلئے صوبائی وزیر قانون پر دباؤ ڈالنا بتایا جاتا ہے۔رزاق ملک اس بات سے بھی شاکی تھے کہ بلدیاتی امور میں پنجاب حکومت مداخلت کر رہی تھی جبکہ فیصل آباد میں تمام معاملات رانا ثناء اللہ اپنے ہاتھ میں رکھنے کے خواہاں تھے۔ذرائع ک مطابق چند روز قبل مئیر رزاق ملک اور ان کے بھائی ایم پی اے نواز ملک کی صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں سے جھڑپ بھی ہوئی اور دونوں طرف سے ایک دوسرے کو وعدہ خلافیوں اور کمیشن کھانے اور قانون سے تجاوز کرنے کے طعنے بھی دئیے گئے۔ جس کے بعد دونوں طرف حالات کشیدہ ہیں۔ رزاق ملک اور نواز ملک نے رانا ثناء اللہ کو صاف جواب دیدیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ نہیں چل سکتے اور پارٹی میں ان کے مخالف دھڑے کیساتھ رابطے کر رہے ہیں جبکہ رانا ثناء اللہ نواز ملک کی ناراضگی دور کرنے اور انہیں منانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ دوسرے”بغاوت“کچلنے کے آپشنز پر بھی غور کر رہے ہیں۔

Related posts