فلم کو صنعت کا درجہ دیدیاگیا، فنکاروں اور ہنرمندوں کیلئے فنڈ قائم

اسلام آباد(نیوزلائن) وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان میں فلم کو صنعت کا درجہ دے دیا۔ فنکاروں اور ہنر مندوں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان، فلاح و بہبود کیلئے پرائم منسٹر ویلفیئر فنڈ قائم جبکہ مالیاتی قوانین میں نرمی اور تفریحی ٹیکس ختم کر دیا گیا۔ وزارت اطلاعات کے مطابق پیکج کے تحت ملک میں نیشنل فلم اینڈ براڈکاسٹنگ کمیشن اور نیشنل فلم انسٹیٹیوٹ و اکیڈمی قائم کی جائے گی۔ ادیب، لکھاریوں، شاعروں اور اہل قلم کو جامع مراعاتی پیکج ملے گا۔ غیر ملکی فلم سازوں کو پاکستان میں فلم بنانے اور فلمی صنعت سے متعلق آلات کی درآمد پر خصوصی رعایت ملے گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ حکومتی اقدامات فلمی صنعت کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ نوجوان نسل اس شعبے میں بھی پاکستان کا نام روشن کرے گی۔ وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کو وزارت خزانہ اور دیگر اداروں سےمشاورت کر کے پیکج کے جلد نفاذ کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Related posts