فائنل میں انڈیا کو دھول چٹا کر پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی جیت لی

لندن(نیوزلائن)پاکستان نے شاندار انداز میں فائنل جیت کر چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ فائنل میں گرین شرٹس نے روائتی حریف بھارت کو 180رنز کے واضح فرق سے شکست دی۔انڈین ٹیم کو پاکستانی سکواڈ نے بیٹنگ ‘ بولنگ سمیت کھیل کے ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کیا اور روائتی حریف کی ایک نہ چلنے دی۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ انڈین قائد کا یہ فیصلہ انتہائی خود بھارتی ٹیم کیلئے انتہائی نقصان کا باعث بنا۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں چار وکٹ کے نقصان پر 338رنز بنا کر انڈین سکواڈ کیلئے پہاڑ جیسا ٹارگٹ کھڑا کر دیا۔پاکستان کی پہلی وکٹ ہی بائیسویں اوور میں 128رنز پر گری جب اظہر علی 59رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔انڈین بولرز کو پہلی وکٹ کے حصول کیلئے 200رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی۔

فخر زمان 114رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے۔بابر اعظم 46اور شعیب ملک بارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ناٹ آؤٹ محمد حفیظ نے 37بالز پر 57اور عماد وسیم نے 25رنز بنا کر ٹیم کو سکور 338کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ جواب میں انڈین سکواڈ کا کوئی بلے باز پاکستانی بولرز کی گھومتی ہوئی بالز کے سامنے نہ ٹک سکا۔

محمد عامر نے اپنے پہلے ہی اوور میں شرما کو صفر‘ تیسر اوور میں ویرات کوہلی کو پانچ اور نویں اوور میں شیکھر دھاون کو 21رنز پر پویلین بھجوا کر بھارتی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔رہی سہی کسر شاداب خان اور عماد وسیم نے پوری کردی۔شاداب نے یوراج سنگھ کو 22اور جادھیو کو9رنز پر آؤٹ کیا۔عماد وسیم نے حسن علی کی بال پر کیچ پکڑ کر دھونی کی قیمتی وکٹ اڑائی تو دھونی کا سکورصرف چار تھا۔پانڈیا نے کسی حد تک مزاحمت کی مگر تیزی سے ایک رنز لیتے ہوئے رن آؤٹ ہو گئے انہوں نے 76سکور بنائے۔جدیجا کو جنید خان جبکہ دو ٹیل انڈرز کو حسن علی نے پویلین کا راستہ دکھا دیا۔

بہترین بلے بازی پر فخر زمان مین آف دی میچ قرار پائے۔

Related posts