حکومتی ارکان اسمبلی کی جانب سے بسنت منانے کی تجویز


لاہور(نیوزلائن)عام انتخابات کو مد نظر رکھتے ہوئے بعض حکومتی ارکان اسمبلی کی جانب سے بسنت منانے کی تجویزسامنے آگئی، حکومتی کمیٹی نے سفارشات کی تیاری شروع کر دی جن کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف ہی حتمی فیصلہ کر ینگے ،وزیر صحت سلمان رفیق نے سفارشات کی تیاری کی تصدیق کردی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس جب بسنت منانے سے متعلق کمیٹی نے سفارشات دیں تھیں تو وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے کہا تھا کہ بسنت منانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اس کیلئے پہلے حفاظتی اقدامات ہونا ضروری ہیں ۔حکومتی ذرائع کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والے بعض ارکان اسمبلی کی جانب سے مختلف ملاقاتوں میں یہ تجویز دی گئی ہے کہ لاہور میں بسنت منانے کی اجازت دیدی جائے جبکہ حکومتی جماعت سے تعلق رکھنے والے بعض سینئر ارکان نے بسنت منا نے کی مخالفت کر تے ہوئے کہا ہے کہ یہ خونی کھیل بن چکا ہے ، کو ئی ہلاکت ہوگئی تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ لاہور میں حفاظتی انتظامات کیساتھ بسنت ہونی چاہیے لیکن فیصلہ کمیٹی کریگی،حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔

 

Related posts