ٹی بی کے ہر مریض کا ایڈز ٹیسٹ لازمی قراردینے کا فیصلہ



لاہور(نیوزلائن)ٹی بی کے تمام مریضوں کا ایڈز ٹیسٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ پنجاب حکومت نے کیا ہے اور اس حوالے سے صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور ٹی بی سنٹرز کو آگاہ کیا جا رہاہے۔ نیوزلائن کے مطابق پنجاب حکومت نے ٹی بی کی مریضوں کے ایڈز ٹیسٹ کرانے کافیصلہ کیا ہے۔ صوبہ بھر میں کسی بھی سرکاری ہسپتال یا ٹی بی سنٹرمیں آنیوالے مریضوں میں ٹی بی کی تصدیق ہونے پران کے ایچ آئی وی ٹیسٹ بھی کئے جائیں گے۔ ٹی بی کے مریضوں کے ایڈز ٹیسٹ لازمی کرائے جانے کا انکشاف پنجاب حکومت کی ایڈز کے حوالے سے ایک رپورٹ میں ہوا ہے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹی بی کے مریضوں کا ایڈز جیسے موذی مرض کا شکار ہونے کے چانسز عام شہری کی نسبت بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ بھی ہو سکتاہے کہ ایڈز کا مریض ابتدائی سٹیج میں ٹی بی کا شکار ہو۔ دوسرے لفظوں میں یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ ٹی بی کامرض ‘ ایڈز کی بیماری کی ابتدائی علامت ہو۔اسی تناظر میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹی بی کے مریضوں کے ایڈز ٹیسٹ لازمی کرائے جائیں تا کہ اگرکوئی شہری ایڈز کا مریض نکلے تو اس کا ابتدائی سطح پر ہی تدارک کیا جا سکے۔

Related posts