سٹی ٹور بس سروس سے سیاحت کو فروغ ملے گا، رفیق رجوانہ


راولپنڈی()گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن حکومت کی کارکردگی جانچنے کیلئے 2013ء اور 2018ء کے راولپنڈی کافرق واضح ثبوت ہے ۔ پی ٹی ڈی سی کی سٹی ٹور بس سروس سے مقامی سیاحت کو فروغ ملے گا، پاکستان عالمی سیاحوں کیلئے انتہائی پرکشش ملک ہے ۔ یہاں کے دلکش مناظر، وادیاں ، ثقافت اورموسم منفرد مقام رکھتے ہیں۔ ملکی بقاء اور سالمیت کیلئے ہم سب کو پاکستانی بن کر سوچنا اور تمام اختلافات پس پشت ڈال کر کام کرنا ہوگا۔ تمام سیاسی جماعتیں اور لیڈر محب وطن ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی ڈی سی کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں اسلام آباد ٹور بس سروس کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور ، ایم این اے ملک ابرار ، ایم پی اے تحسین فواد سمیت لیگی رہنما ضیاء اللہ شاہ، ڈاکٹر جمال ناصر، فیصل طارق، حاجی احمد خان، ڈاکٹر قیصر رفیق بھی موجود تھے ۔ گورنر رفیق رجوانہ نے کہا کہ سیاحت کیلئے امن ناگزیر ہے ، قوم پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت عوام کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے ۔ علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر رفیق رجوانہ نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے پی ٹی ڈی سی نے ‘‘ڈسکور پاکستان’’ ٹی وی چینل شروع کرنے کا منصوبہ بنا یا ہے جس کیلئے ہر ممکن قانونی مدد فراہم کی جا ئیگی۔

Related posts