خواجہ آصف جیسا کام عمران خان کیساتھ بھی ہو سکتا ہے‘ رانا ثناء


لاہور( نیوزلائن)صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین گھبراہٹ کا شکار ہیں اور ذلت کو پہنچ رہے ہیں اس لئے خواجہ آصف کیساتھ جو واقعہ پیش آیا ہے اس پر افسوس کا اظہار نہیں کرنا چاہیے ،ہمیں اس طرح کے مزید واقعات رونما ہونے کی توقع ہے ، یہ بات ذہن میں رکھی جائے کہ ایسی حرکت عمران خان کے ساتھ بھی ہو سکتی ہے۔ سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن میں خواجہ آصف پر سیاہی پھینکے جانے کے واقعہ پر اپنے رد عمل میں رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ ہمیں معلوم تھاکہ ہمارے مخالفین ایسی گھٹیا حرکتیں کریں گے ۔یہ جو حرکت ہوئی ہے یہ پی ٹی آئی کے سپانسرڈ لو گ ہوں گے ۔ ایسی حرکت احسن اقبال کے حلقے میں بھی ہوئی اور ہمیں باقی جگہوں پر بھی اس طرح کے مزید واقعات رونما ہونے کی توقع ہے ۔مخالفین یہ بات ذہن میں رکھیں کہ ایسی حرکت عمران خان کے ساتھ بھی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حرکت سے خواجہ آصف کی اپنی حلقے میں مقبولیت یا ان کا قدکم نہیں بلکہ اس میں اضافہ ہی ہوا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر میں خواجہ آصف کی جگہ ہوتا تو کہتا کہ اس شخص کو پکڑ لو اوراس کا منہ کالا کر کے اس وقت تک اپنے ساتھ کھڑا رکھتا جب تک میری تقریر ختم نہ ہو جاتی اور پھر کہتا اسے گھر چھوڑ کر آؤ۔

Related posts