گیدڑوں کے ڈر سے شیروں کے قافلے نہیں رکتے:مریم نواز


اسلام آباد (نیوزلائن)سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن)کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہاہے کہ چھپ کر وار کرنے والے گیدڑ ہوتے ہیں ٗ گیدڑوں کے ڈر سے شیروں کے قافلے نہیں رکتے ٗنوازشریف ایک شیر ہے جو دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنا جانتا ہے ٗ وہ کسی سے ڈرنے والے نہیں ٗ اوچھے ہتھکنڈوں پر تب ہی اترتے ہیں جب دلیل ختم ہوجاتی ہے ٗایک مذمتی بیان دینے سے سمجھتے ہو کہ لوگ تمہیں معاف کردیں گے ٗتم نے 4 سال شرمناک کلچر پروموٹ کیا ٗکس نے کہا تھا وزیراعظم ہاؤس سے گردن سے پکڑ کے باہر نکالو ٗاس انسان کا نام لینے کی ضرورت نہیں اور وہ لیڈر کہلانے کا حقدار نہیں جس کی سوچ، زبان اور فیصلے اپنے نہ ہوں ٗلاڈلے نے تیرہ سینیٹرز کو زر داری کے قدموں میں ڈال دیا ہے ٗ راولپنڈی میں کنونشن اور جلسہ نہیں سیلاب ہے جو تنکوں سے نہیں روکا جاسکتا ٗ مخالفین کے پاس عوام کو بتانے کے لیے صرف جھوٹ، الزام تراشیاں، امپائر کی انگلی کے اشارے اور ہارس ٹریڈنگ ہے ٗ عوام نوازشریف قافلے کا حصہ بن جائیں ٗوعدہ کریں 2018ء میں تمام مہروں ٗ ووٹوں کی پرچی کو بے توقیر کر نے ٗ گالم گلوچ کی سیاست اور بد زبانی کر نے اور الزامات کی سیاست کو دفن کر دوگے ۔ راولپنڈی میں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں آج کیا دیکھ رہی ہوں ٗ ایک سرے سے دوسرے سرے تک سر ہی سر نظر آرہے ہیں ٗ پنڈی والوں نے کمال کر دیا ہے ۔مریم نواز نے کہاکہ مجھے ایک اعتراف کر نے دو ٗ جو جذبہ آج دیکھا ہے اللہ کی قسم پہلے کبھی نہیں دیکھا ۔انہوں نے کہاکہ لوگوں یہ جذبہ اور جلسہ نہیں ٗ سوشل میڈیا کنونشن نہیں یہ انقلاب کی لہر ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ بیداری کی لہر ہے یہ وہ سیلاب ہے جو تنکوں سے نہیں روکا جائیگا ۔مریم نواز نے کہا کہ آپ کے جذبے میں اتنی شدت آئی ہے آپ کی نوازشریف سے محبت اور نوازشریف سے عشق میں اتنی شدت دیکھ رہی ہو ں جو پہلے کبھی نہیں دیکھی ۔ مریم نواز نے کہا کہ مجھے پتہ ہے آپ کو غصہ ہے ٗمجھے پتہ ہے آپ کے دل پر چوٹ لگی ہے ٗ آپ کے لیڈر کیساتھ جو کیا گیا مجھے اس کا دکھ ہے ٗانہوں نے کہاکہ گیدڑوں کے ڈر سے شیروں کے قافلے نہیں رکتے ۔مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کی مقبولیت سے خوف کھانے والو راولپنڈی میں جذبہ دیکھ لو ۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے خلاف جن اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ان اوچھے ہتھکنڈو ں نے نوازشریف کے چاہنے والوں ٗ ان سے محبت کر نے والو ں اور عشق کر نے والوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے حق میں ہر دل سے آواز اٹھ رہی ہے ٗ اس کو مریم نواز کی آواز کی ضرورت نہیں ہے یہ قوم کی آواز بن چکی ہے ۔ مریم نواز نے کہاکہ آپ کا لیڈر نوازشریف بہادر آدمی ہے ٗ شجاعت ہے ٗ دلیر ہے ٗ دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنا جانتا ہے ٗ آپ اس سے محبت کر نے والے ہو ٗ اس کے نظریئے پر چلنے والے ہو ٗ میں بھی اس لیڈر کی بیٹی ہوں ۔مریم نواز نے کہا کہ آپ کا لیڈر دھونس اور سازشوں سے پیچھا نہیں ہٹا ٗ نہ وہ فتنوں سے پیچھے ہٹا ٗ جب اس کے مخالفین کو دیوار پر لکھی ہوئی ناکامی اورشکست صاف نظر آئی تو اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ٗاوچھے ہتھکنڈوں پر تب کوئی اترتا ہے جب شکست سامنے نظر آرہی ہو ٗجب دل ہار مان جاتے ہیں ٗ آپ کا دشمن ہار مان چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ شکست بر داشت کر نے کیلئے بہت بڑا ظرف چاہیے ہوتا ہے ٗ بہت بڑا حوصلہ چاہیے ہوتا ہے جو نو ن لیگ کے مخالفوں کے پاس نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ گھٹیاں حرکتیں ہمیشہ شکست کھانے والا ہی کرتا ہے ٗجو جیت رہا ہوں جس کو اللہ فتح سے نواز رہا ہوتا وہ گھٹیاں حرکتیں کبھی نہیں کرتا وہ ڈٹ کے کھڑا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج صبح گھناؤنی حرکت کی ہے میں کچھ گھنٹے بعد کھڑی ہوں ہمت ہے تو سامنے آؤ ۔

Related posts