سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی نواز شریف پر جوتا باری کی مذمت


اسلام آباد(نیوزلائن)صدر مملکت منون حسین ‘ سابق صدر آصف زرداری‘ سیاسی رہنماؤں بلاول بھٹو‘ عمران خان‘ خورشید شاہ ‘شیخ رشید‘ مراد علی شاہ ‘ پرویز خٹک ‘ وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب ‘ علامہ راغب نعیمی سمیت سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے میاں نوازشریف پر جوتا پھینکنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ صدر مملکت منون حسین نے اسے سیاسی عدم برداشت قرار دیا اور شدید مذمت کی ہے ۔سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی اس واقعہ کی شدید مذمت کی اور عدم برداشت کے اس روئیے کو تبدیل کرکے مجموعی سوچ پروان چڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ نواز شریف پر جوتا پھینکنا گری ہوئی حرکت ہے۔ یہ اقدام سیاسی رہنماؤں کی تذلیل کرنے والا ہے۔ اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ اس کام میں پی ٹی آئی کا کوئی کارکن ملوث نہیں ہے۔جوتا پھینکنے کی مذمت کرتے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرکے علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ اس معاملے میں جامعہ نعیمیہ کی انتظامیہ ملوث نہیں ہے۔ ہم اس اقدام کی مذمت اور مطالبہ کرتے ہیں کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کی جائے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب ‘ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے بھی اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور جوتا پھینکنے کے اقدام کو سیاسی عمل کیخلاف سازش قرار دیا ہے۔عوامی تحریک کے ترجمان نے بھی جوتا باری کی مذمت کی ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ‘ شیخ رشید‘ اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی کھلے لفظوں اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

Related posts