عمران خان نے رانا ثناء اللہ کو قبضہ مافیا قرار دیدیا


فیصل آباد(نیوزلائن)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ قبضہ مافیا ہیں۔ رانا ثنا ء اللہ کو مونچھوں سے پکڑ کر جیل لے جاؤں گا۔ عابد شیر علی تو نواز شریف اور شہباز شریف کا چمچہ ہیں۔ ان کے چند ماہ رہ گئے ہیں۔ آئندہ الیکشن میں ہم کامیاب ہوں گے اور رانا ثناء اللہ اور عابد شیر علی کی منزل اڈیالہ جیل ہے۔ فیصل آباد میں پارٹی کی ممبر شپ مہم کے کیمپوں کا دورہ کرنے کے دوران میڈیا سے گفتگو اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 2018 کے انتخابات جیت کر ملک میں انقلاب لائیں گے۔ تھوڑے سے لٹیرے ملک سے پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے اور جب ملک کی قیادت میں ڈاکو بیٹھے ہوں تو ملک ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ پیسے لوٹنے والوں کیخلاف جب عدالت حکم دے تو کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا ٗوہ ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا جس کا وزیر خزانہ ملک کو لوٹ کر باہر چلا گیا ہو۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے اور نوجوانوں کے جنون سے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو شکست دیں گے۔خیبر پختونخوا جیسی پولیس یورپ میں نہیں ملے گی جب کہ کے پی کے کی پولیس قانون کے مطابق چلتی ہے اور وزیراعلیٰ سے حکم نہیں لیتی، خیبر پختو نخوا پولیس جیسا نظام سندھ اور پنجاب میں لے کر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2018 کا الیکشن جیت کر پاکستان میں انقلاب لائیں گے، عمران خان آج تک کسی کے سامنے جھکا ہے نہ قوم کو جھکنے دے گا۔

Related posts