جنگ کی’’ میڈ ان فیصل آباد‘‘ ایکسپو کیلئے سرکاری افسران سرگرم


فیصل آباد(نیوزلائن)روزنامہ جنگ کے بینر تلے ہونیوالی ’’میڈان فیصل آباد‘‘نمائش کو کامیاب بنانے کیلئے سرکاری افسران سرگرم ہیں اور صنعتکاروں کو سراکری افسران کے ذریعے احکامات دئیے جا رہے ہیں کہ اس نمائش میں شرکت یقینی بنائیں۔ نیوزلائن کے مطابق روزنامہ جنگ کے زیر کنٹرول ایک صنعتی نمائش 24سے 25مارچ تک ایکسپوسنٹر جوہر ٹاؤن لاہور میں ہو رہی ہے ۔نمائش کیلئے روزنامہ جنگ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس کیساتھ بھی ایک معاہدہ کیا تھا۔ نمائش کیلئے جنگ گروپ نے اپنے انتظامات بڑی حد تک مکمل بھی کئے ہوئے ہیں۔ اب اچانک سرکاری افسران کے ذریعے فیصل آباد کے صنعتکاروں کو احکامات جاری کئے جانے کا سلسلہ سامنے آیا۔ صنعتکاروں کو سرکاری افسران کے ذریعے احکامات جاری کئے جا رہے ہیں کہ وہ اس نمائش میں شرکت یقینی بنائیں۔ نمائش میں سٹال لگائیں۔ اپنی مصنوعات لازمی رکھیں اور خود بھی ضرور شریک ہوں۔ نیوزلائن کے مطابق اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سلمان غنی نے چیمبر آف کامرس اور اپٹپماکے نمائندوں وصنعتکاروں سے ملاقات کی اور انہیں نمائش میں لازمی شرکت یقینی بنانے کی ہدائت کی ۔ملاقات میں صدر چیمبر آف کامرس شبیر حسین چاولہ،چےئرمین اپٹپما شیخ خالد حبیب،سابق صدر چیمبر آف کامرس رضوان اشرف،احتشام جاوید،شیخ امجد،شیخ عمر،میاں عدنان ودیگر شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صنعتی نمائش نہ صرف مصنوعات کو متعارف کرانے کا بہترین ذریعہ ہیں بلکہ ایسی نمائشوں کی بدولت معاشی سرگرمیوں اورکاروبار کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں منعقدہونے والی میڈاِن فیصل آباد نمائش کے لئے جامع انتظامات کئے گئے ہیں اور شرکاء صنعتکاروں کو بہترین ماحول اور دیگر انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی لہذا ملبوسات،پارچہ جات،ہوزری،گارمنٹس اوردیگرشعبوں کے صنعتی اداروں کی بھرپور شرکت ہونی چاہیے جو کہ فیصل آباد کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ملاقات میں موجود صنعتکاروں نے ڈپٹی کمشنر کو نمائش میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ۔ذرائع کے مطابق متعدد دیگر سرکاری افسران کی طرف سے بھی صنعتکاروں کو احکامات نما ہدایات کی جا تی رہی ہیں کہ وہ جنگ گروپ کی اس نمائش میں شرکت یقینی بنائیں۔ بزنس کمیونٹی اور صحافتی حلقوں میں ایک مخصوص میڈیاگروپ کے زیر اہتمام ہونیوالی صنعتی نمائش کیلئے سرکاری افسران کے سرگرم ہونے اور اس میں شرکت کیلئے صنعتکاروں کو احکامات جاری کئے جانے کو اس میڈیا گروپ کیلئے حکومتی حمائت اور مفادات کی گیم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس میڈیا گروپ کے حوالے سے پہلے ہی سامنے آرہا ہے کہ ن لیگ کی وفاقی اور صوبائی حکومت اسے فائدہ پہنچانے کیلئے قواعد و ضوابط سے بالاتر ہو کر سرگرم ہے۔ اب اسی میڈیا گروپ کی نمائش کیلئے سرکاری افسران کے سرگرم ہونے کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

Related posts