غیرملکی این جی او کے سائنس میلہ کیلئے ’’سرکاری ‘‘انتظامات


فیصل آباد(نیوزلائن)ایک غیرملکی این جی او کے سائنس میلہ کیلئے سرکاری افسران سرگرم ہیں اور سرکاری و نجی سکولوں کواحکامات دئیے جارہے ہیں کہ لازمی شرکت کریں اور کامیاب بنائیں۔ صرف محکمہ تعلیم ہی نہیں دیگر محکموں کے سرکاری افسران بھی غیرملکی این جی او کے سائنس میلہ کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔نیوزلائن کے مطابق ایک غیرملکی این جی او کیساتھ الحاق شدہ الف اعلان نامی این جی او فیصل آباد میں سائنس میلہ کے انعقاد کیلئے کوشاں ہے۔ الف اعلان کے حوالے سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ وہ پنجاب حکومت‘ محکمہ تعلیم اور سرکاری سکولوں کیخلاف رپورٹس جاری کرنے میں بھی ملوث ہے۔ سوشل میڈیا پر الف اعلان نے محکمہ تعلیم کیخلاف باقاعدہ مہم بھی شروع کر رکھی ہے۔یہ این جی او اپنے منفی پروپیگنڈے کیلئے میڈیا کو بھی استعمال کرتی رہی ہے جبکہ میڈیا نمائندوں کی اپنے مخصوص ایجنڈے کے تحت برین واشنگ کرنے اور اپنے ایجنڈے کے مطابق چلانے کیلئے تربیتی سیشن بھی کرتی رہتی ہے۔محکمہ تعلیم اور حکومت کیخلاف منفی پروپیگنڈے میں ملوث یہ این جی اواب فیصل آباد میں سائنس میلہ کے نام سے اپنی پروموشنل مہم چلانے کیلئے سرگرم ہے۔ سائنس میلہ کیلئے فنڈنگ غیرملکی این جی اوز کررہی ہیں۔ غیرملکی این جی او کے سائنس میلہ کیلئے نا صرف محکمہ تعلیم بلکہ متعدد دیگر سرکاری محکمے سرگرم ہیں۔سرکاری افسران سرکاری دفاتر میں اس این جی او کیلئے میٹنگز کرتے پائے جا رہے ہیں۔ غیرملکی این جی او کی تقریب کیلئے فیصل آباد کی پوری ریاستی مشینری سرگرم کردی گئی ہے۔ جی سی یونیورسٹی‘ محکمہ تعلیم سکول ونگ کے افسران‘ ڈائریکٹوریٹ آف کالجز‘ پرائیویٹ سکولز کی تنظیموں‘ سرکاری سکولوں کے پرنسپلز کو ڈپٹی کمشنر آفس میں بلا کر اس غیرملکی این جی او کے سائنس میلہ میں شرکت یقینی بنانے کے احکامات دئیے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر آفس کے ایک اہم آفیسر خود اس معاملے میں ایکٹو ہیں اور غیرملکی این جی او کے پروموشنل میلے کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔صرف یہی نہیں ڈپٹی کمشنر آفس کے یہ اہم آفیسر غیرملکی این جی او کو غیرمعمولی پروٹوکول دلوانے کے چکر میں پی ایچ اے ‘ ایوب ریسرچ‘ چائلڈ پروٹیکشن بیورو‘ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد‘ انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن اور متعدد دیگر محکموں کے افسران کو بھی ڈپٹی کمشنر آفس میں بلوا کر سائنس میلہ کے حق میں لیکچر جھاڑ چکے اور ان محکموں کو احکامات دے چکے ہیں کہ سائنس میلہ کیلئے الف اعلان کی امداد کریں۔ ذرائع کے مطابق اس این جی او کے متعدد افسران بھی ڈپٹی کمشنر آفس کے اس آفیسر سے کئی بار مل چکے ہیں ۔

Related posts