فواد حسن فواد‘ سلمان رفیق ‘ علیم خان کی نیب میں پیشی


لاہور ( نیوزلائن) قومی احتساب بیورو ( نیب )کے طلب کیے جانے پر وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان لاہور آفس میں پیش ہو گئے ، نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے تینوں سے مختلف کیسز کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی۔ تفصیلات کے مطابق فواد حسن فواد کو وزیراعلیٰ پنجاب کے سیکرٹری ٹو ایمپلی منٹیشن کے طور پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کودینے کے الزام میں دوسری بار طلب کیا گیا اور ان سے نیب کی تفتیشی ٹیم کی جانب سے تقریباً پونے دو گھنٹے تحقیقات کی گئیں۔ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد کو دس سوالات پر مشتمل سوالنامہ بھی دیا گیا۔قومی احتساب بیورو کی طلبی پر صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق بھی نیب لاہور میں پیش ہوگئے جہاں نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے ان سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق پوچھ گچھ کی ۔ اسی کیس میں ان کے بڑے بھائی وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی نیب کے سامنے پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروا چکے ہیں ۔ دوسری جانب تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان پارک ویو ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں نیب لاہور کی تفتیشی ٹیم کے روبرو پیش ہوئے اور انہوں نے سوالات کے جوابات دینے کے ساتھ بعض دستاویزات بھی پیش کیں۔

Related posts