نامعلوم طاقتور ہاتھ سرگرم:ملک بھر میں جیو کی نشریات بند


اسلام آباد(احمد یٰسین)نامعلوم طاقتور ہاتھ کے سرگرم ہونے کی بناء پر ملک بھر میں جیو گروپ کے تمام چینلز کی نشریات کیبل پر روکے جانے کی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔جیو نیوز اور جیو کے دیگر چینل کی نشریات روکے جانے میں پیمرا اور دیگر اداروں کے ملوث ہونے کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئیں ۔نیوزلائن کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں ملک کے بڑے میڈیا گروپ ’’جنگ و جیو‘‘ کے چینل جیو نیوز‘ جیو انٹرٹینمنٹ ‘ جیو سپر‘ جیو تیز‘ جیو کہانی بند کئے جانے کی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔صرف اسلام آباد‘ لاہور‘ کراچی ‘ فیصل آباد‘ پشاور‘ کوئٹہ ‘ ملتان جیسے بڑے شہروں میں ہی نہیں ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جیو کی نشریات کیبل پر رکوائی جا رہی ہیں۔ جیو کی نشریات رکوانے میں پیمرا حکام ملوث ہیں اور نہ کسی دوسرے ادارے کا ہاتھ نظر آرہا ہے۔ عدلیہ کے احکامات اس کے پیچھے ہیں اور نہ کوئی عسکری ادارہ اس میں ملوث بتایا جا رہا ہے۔ کیبل آپریٹرز کو اچانک نامعلوم فون کالز ملنے اور فوری جیو کی نشریات روکے جانے کے احکامات صادر کئے جانے کے احکامات مل رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بعض مقامات پر جیو کی نشریات بند نہ کئے جانے پر نامعلوم افراد کی طرف سے کیبل آپریٹرز کیخلاف طاقت کا استعمال کئے جانے اور زبردستی نشریات بند کروانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔صحافتی تنظیمیں اور چینل مالکان کی تنظیم جیو کی اس زبردستی بندش پر مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور کسی طرف سے کوئی آواز بلند نہیں ہو رہی۔

Related posts