ٹریفک وارڈن نے بچے کے اغواء کی کوشش ناکام بنا دی


لاہور( نیوزلائن)غازی چوک میں تعینات ٹریفک وارڈن نے دس سالہ بچے کی اغواء کی کوشش ناکام بنا دی، رکشہ سوار اغواء کار فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔ ٹریفک وارڈن سید اسد عباس نے بتایا کہ وہ غازی چوک میں مینول ٹریفک کو کنٹرول کر رہا تھا کہ اسی دورا ن ایک رکشے میں بیٹھے ہوئے بچے نے شور مچانا شروع کر دیا۔ ٹریفک وارڈن کے مطابق میں نے دوڑ کر رکشے کاپیچھا کیا جس نے کچھ دور جا کر بچے کو پھینک دیا اور فرار ہو گیا ۔ ٹریفک وارڈن کے مطابق رکشہ پر نمبر پلیٹ نہیں لگی تھی تاہم وائر لیس کال چلا کر اسے ٹریس کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ پولیس نے بچے کو اس کے والدین کے حوالے کردیا ۔سی ٹی او رائے اعجاز نے ٹریفک وارڈن سید اسد عباس کیلئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور انعام دینے کا اعلا ن کیا ہے۔

Related posts