پنجاب حکومت نے سکول داخلہ مہم 2018ء کا آغاز کر دیا


 

لاہور(نیوزلائن) پنجاب حکومت نے سکولوں میں بچوں کے 100فیصد داخلے کے ہدف کو یقینی بنانے کیلئے سکول داخلہ مہم 2018ء کا آغاز کر دیا ہے۔اس مہم کے دوران والدین کو یہ ترغیب دی جائے گی کہ وہ اپنے بچوں کو قریبی سکول بھیجیں تا کہ کوئی بچہ زیورِ تعلیم سے محروم نہ رہے۔وہ دن دور نہیں جب ہر گھرمیں علم کا دیپ جلے گا اور ہمارے ہونہار طلبا و طالبات کامیابی اور کامرانی کے جھنڈے گاڑیں گے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ میں انرولمنٹ مہم2018 ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خاں نے پنجاب حکومت کے ’’ پڑھو پنجاب، بڑھوپنجاب‘‘ کے تحت ٹیبلٹ پرعلی حسن اور ایمان فاطمہ کا الیکٹرانک اندراج کر کے داخلہ مہم2018ء کا آغاز کیا۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں داخلے کے اہداف کو ممکن بنانے میں میڈیا اور سول سوسائٹی اپنا کردار ادا کرئے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کے مثبت نتائج مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ حسب روایت اس سال بھی پنجاب حکومت تاریخ ساز تعلیمی بجٹ پیش کرئے گی۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور طلباء کی حاضری یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بھٹہ مزدوروں کے بچوں کے سکولوں میں داخلے کے ساتھ ساتھ ورکشاپس اور ہوٹلز میں مزدوری کرنے والے بے وسیلہ بچوں کو بھی سکولوں میں داخل کروا رہی ہے۔اسی طرح پنجاب کے16 جنوبی اضلاع میں خادم پنجاب کارڈ کے ذریعے 4لاکھ90ہزار سے زائد بچیوں کو سکولوں میں داخل کروایا گیا ہے اور انہیں وضائف بھی دیئے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر رانا مشہود نے بتایا کہ دیگر صوبے پنجاب حکومت کے ٹیچرز ٹریننگ ماڈلز کو فالو کر رہے ہیں۔اسی طرح سکولز ایجوکیشن کے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام کو بھی دوسرے صوبوں میں سراہا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایجوکیشن ورلڈ فورم لندن میں پنجاب کے تعلیمی ماڈل کو پزیرائی ملی ہے اوراسے دنیا کے بہترین تعلیمی ماڈلز میں شامل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب وہ واحد صوبہ ہے جوبلا تفریق نا صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان سے بہترین کارکردگی کے حامل بچوں کوحصول تعلیم کیلئے دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں بھجوا رہا ہے۔ تقریب میں شہدائے آرمی پبلک سکول ماڈل ٹاؤن کے بچوں نے ملی نغمہ بھی پیش کیا۔

Related posts