پیپلز پارٹی کا لوڈ شیڈنگ کیخلاف ملک گیر احتجاج کرنے کا اعلان


لاہور(نیوزلائن)پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف 20اپریل سے صوبہ بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعوے کررہے ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری ہے،15 ہزارمیگاواٹ بجلی تو ہمارے دور میں تھی 8 ہزار میگا واٹ بننے والی نئی بجلی کے دعوے کہاں گئی ؟،سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرنا مسلم لیگ (ن)کے بس کی بات نہیں ،میاں صاحب نے ماضی میں عدالت پر حملہ کیا مگر اب یہ آسان نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چوہدری منظور اور دیگر بھی موجود تھے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ شہبازشریف صاحب نے بڑے بڑے دعوے کئے تھے اب وہ دعوے کہاں ہیں۔ ابھی طلب طلب نہ ہونے کے باوجود یہ صورتحال ہے اور دیہی علاقوں میں 12سے 14گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی لوڈشیڈنگ کیخلاف 20 اپریل سے پنجاب بھر میں احتجاج کرے گی, جبکہ 27 اپریل کو لاہور میں لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پنجاب کا دورہ کریں گے،26 اپریل کو اسلام آباد میں لیبر کنونشن کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف احتجاج کرنا مسلم لیگ (ن)کے بس کی بات نہیں ہے، میاں صاحب نے ماضی میں عدالت پر حملہ کیا مگر اب یہ آسان نہیں۔ سنا ہے اڈیالہ جیل میں صفائیاں وغیرہ کروائی جارہی ہیں، میاں صاحب کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے ان ہی کی حکومت میں ہورہا ہے ۔اگر وزیراعظم کے اپنے قائد کیساتھ ایسا ہورہا ہے تو عام آدمی کیلئے کیا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کا بھٹو اور بی بی شہید سے موازنہ درست نہیں۔ ان کی جمہوریت کیلئے بڑی جدوجہد اور قربانیاں ہیں۔ مسلم لیگ (ن)اپنے انجام کی طرف جارہی ہے۔

Related posts