جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ، تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل


لاہور(نیوزلائن)جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر دو بار فائرنگ، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج، تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجازالاحسن کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم قائم کردی گئی۔ پنجاب حکومت کے ترجمان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی پنجاب محمد طاہر جے آئی ٹی کے سربراہ ہوں گے جس میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری کے علاوہ ملٹری انٹیلی جنس، انٹرسروسز انٹیلی جنس، انٹیلی جنس بیورو کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ جے آئی ٹی میں اسپیشل برانچ اور فرانزک ایجنسی کے افسران بھی شامل ہوں گے۔فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ لاہور کے تھانہ ماڈل ٹاؤن میں درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں دہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ پولیس کانسٹیبل آصف کی مدعیت میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا ہے۔

Related posts