جڑانوالہ:ن لیگ کے گمشدہ رکن قومی اسمبلی اچانک نمودار ہوگئے


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد کے نواحی علاقے جڑانوالہ کے گمشدہ ن لیگی رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری اچانک اپنے حلقہ انتخاب میں نمودار ہوگئے۔ طلال چوہدری 2013کے الیکشن کے بعد سے اپنے حلقہ انتخاب سے غائب پائے جا رہے تھے۔ ان کی تلاش کیلئے جڑانوالہ میں متعدد بار شہریوں کی طرف سے بینرز لگائے گئے۔ اہل حلقہ نے کئی بار ان کی واپسی کی اپیل کیلئے پرامن مظاہرے کئے مگر اس کے باوجود شریف فیملی کے دفاع کیلئے اسلام آباد میں مصروف طلال بدر چوہدری کو جڑانوالہ تشریف آوری کا وقت نہ مل سکا۔ مگر اچانک وہ اپنے حلقہ انتخاب میں دوبارہ نمودار ہوئے ہیں۔ وہ جڑانوالہ میں میاں نواز شریف کی طرف سے جلسہ کرنے کے اعلان کے بعد نمودار ہوئے ہیں اور علاقے میں لوگوں کے پاس جا جا کر میاں نواز شریف کے جلسہ کو کامیاب بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سیاسی حلقوں کے مطابق جڑانوالہ میں طلال بدر چوہدری کی وجہ سے مسلم لیگ ن کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور علاقے میں طلال چوہدری کی وجہ سے ن لیگ کو شدید نقصان پہنچنے کا احتمال ہے۔ مسلم لیگ ن کے اپنے حلقے طلال چوہدری کی شدید مخالفت کر رہے ہیں ۔ میاں نواز شریف کیلئے جڑانوالہ کی عوام میں اب بھی ہمدردیاں موجود ہیں لیکن طلال چوہدری کو قبل کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ ن لیگی حلقے میاں نواز شریف ے جلسے میں جانے پر تو آمادہ ہیں مگر طلال چوہدری کو قبول کرنے کیلئے کسی طور آمادہ نہیں ۔ ن لیگی حلقوں کے برعکس عوام میں چار سال سے غائب ن لیگی ایم این اے کے خلاف شدید مخالفت پائی جا رہی ہے اور اپنے ایم این اے کی وجہ سے عوام ن لیگ سے بھی دور ہوتے جا رہے ہیں۔

Related posts