لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کا حکم


فیصل آباد(نیوزلائن)ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ضلع بھر کی یونین کونسلز میں پنجاب لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری عوامی بہبود کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سکیموں کی مقررہ مدت کے اندرتکمیل کوہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج پرعملدرآمد کی پیشرفت کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمدنوید نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلع کی یونین کونسلز میں 92کروڑ 60لاکھ روپے کے فنڈزسے گلیوں کی پختگی ونالیوں کی تعمیر اور پارکوں کی بہتری کی 477سکیموں پر تعمیراتی کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ سمندری میں ایک کروڑ 35لاکھ روپے سے 27سکیمیں مکمل کی جارہی ہیں۔اسی طرح چک جھمرہ میں 60لاکھ روپے کی لاگت سے 12منصوبے، جڑانوالہ میں ڈیڑھ کروڑ روپے کے فنڈز سے 30سکیموں،تاندلیانوالہ میں 85لاکھ روپے سے 17منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ کی 225سکیموں پر49کروڑ روپے اورمیونسپل کارپوریشن میں 39کروڑ 25لاکھ روپے کی لاگت سے 166منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بیشترمنصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور سکیمیں رواں ماہ کے آخر تک مکمل کرنے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کوئی سکیم تعطل کا شکار نہیں ہو نی چاہیے اور اگر کسی جگہ انتظامی وفنی مسئلہ درپیش ہو تو فوری اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر موجود رہ کر تعمیراتی مراحل کی کڑی نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کالوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج بڑی اہمیت کا حامل ہے جس کے تحت عوام کونچلی سطح پر ترقی کے فوائد حاصل ہونگے اور ان علاقوں کی گلیوں ونالیوں کی پختہ تعمیر سے ماحول بہتر اورصاف ستھراہوگا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری عبدالحمید،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر حسین نت کے علاوہ میونسپل کمیٹیز کے چیف آفیسرز اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔

Related posts