گرلز ڈگری کالج کارخانہ بازار میں اکیڈمک بلاک کا افتتاح


فیصل آباد(نیوزلائن)وزیرمملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی محمداکرم انصاری نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین کارخانہ بازار میں دوکروڑ 26لاکھ روپے کی لاگت سے اکیڈمک بلاک کی تعمیر کا افتتاح کیا۔سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام‘پرنسپل شگفتہ نازودیگر فیکلٹی ممبرز بھی موجود تھیں۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی اکرم انصاری نے کہا کہ حکومت خواتین کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ تعلیم نسواں کے بغیر قومی ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ بہترین تعلیمی ماحول اور وسیع تعلیمی سہولتوں کی بدولت ہی عمدہ تعلیمی نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں جس کے لئے کالجز کی اپ گریڈیشن اور انتظامی وتدریسی وسائل کی فراہمی پر خظیر فنڈز خرچ کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے اکیڈمک بلاک کے اضافہ سے کالج میں کلاس رومز کی کمی کے مسائل حل ہوں گے اور طالبات کو بہترین تدریسی ماحول میسر آئے گا۔انہوں نے بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کے افسران سے کہا کہ وہ اعلیٰ تعمیراتی معیار کویقینی بنائیں اور یہ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔پرنسپل شگفتہ ناز نے وزیرمملکت حاجی اکرم انصاری ودیگرنمائندوں کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کے داخلوں کے دباؤ کے پیش نظر کالج میں مزید کلاس رومز کی ضرورت پوری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کالج میں مختلف تعلیمی شعبوں کے بہترین نتائج دکھانے کے لئے کوشاں ہیں۔

Related posts