کالجز میں ترقیاتی کاموں کیلئے5 کروڑ63 لاکھ جاری


فیصل آباد(نیوزلائن) پنجاب حکومت نے فیصل آبادریجن کے چھ سرکاری کالجوں میں ترقیاتی کاموں کیلئے پانچ کروڑ 63لاکھ کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں یہ فنڈز کالجوں میں کلاس روم، سائنس لیب اور ہال کی تعمیر پر خرچ کئے جائیں گے۔ نیوزلائن کے مطابق ان کالجوں میں سٹوڈنٹس کی تعداد زیادہ جبکہ کلاس رومز اور لیبز کی شدید کمی کا سامنا تھا۔ جس کے پیش نظر کلاس رومز، ملٹی پرپز ہالز اور سائنس لیبز کی تعمیر کی منظوری دی گئی تاکہ کلاس رومز اور سائنس لیبز کی کمی کو پورا کر کے سٹوڈنٹس کو در پیش مسائل حل کیے جا سکیں۔ مجموعی طور پر پانچ کروڑ 63لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں جس میں سے گرلز کالج غلام محمد آباد اور گرلز کالج سیف آباد میں دس دس کلاس رومز کی تعمیر کیلئے ایک، ایک کروڑ روپے، گرلز کالج کھرڑیانوالہ میں ایک ملٹی پرپز ہال اور تین کلاس رومز کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپے، گرلز کالج کارخانہ بازار میں دس کلاس رومز کیلئے ایک کروڑ 13لاکھ روپے، گرلز کالج کمالیہ میں 12کلاس رومز اور تین لیبز کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپے جبکہ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ میں 12کلاس رومز اور چار لیبز کی تعمیر کیلئے 50لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

Related posts