فیصل آباد میں لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج کی 352سکیمیں مکمل


فیصل آباد (نیوزلائن)حکومت پنجاب کے لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ضلع میں 92 کروڑ 60 لاکھ روپے کے فنڈز سے جاری 477 ترقیاتی سکیموں میں سے 352 مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ بقایا 125 سکیمیں ماہ مارچ کے آخر تک پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گی ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئی جس میں پنجاب لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج پر عملدرآمد کی رفتار کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ہیڈ کوارٹرز ) میاں آفتاب احمد ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری عبدالحمید‘ ایکسئین میونسپل کارپوریشن خالد جاوید‘ میونسپل کمیٹیز کے چیف آفیسرز اور دیگرمتعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نوید نے میونسپل کارپوریشن‘ ضلع کونسل ‘ میونسپل کمیٹیز کے علاقوں میں ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ میونسپل کارپوریشن کی مختلف یونین کونسلز میں 39 کروڑ 25 لاکھ روپے کے فنڈز سے 166 سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر شعبوں کی ترقیاتی سکیمیں شروع کی گئی ہیں جن میں سے 116 مکمل کر لی گئی ہیں اور بقایا 50 سکیموں پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔ اسی طرح ضلع کونسل کی مختلف یونین کونسلز میں 189 ‘ میونسپل کمیٹی سمندری میں 27 ‘ تاندلیانوالہ میں 17 ‘ چک جھمرہ میں 12 ‘ جڑانوالہ میں 30 ‘ کھرڑیانوالہ میں 12 ‘ ماموں کانجن میں 13 اور ڈجکوٹ میں 11 سکیموں کے لئے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت تمام سکیموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے اور پائیدار تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران ترقیاتی سکیموں کی مکمل مانیٹرنگ جاری رکھیں اورکسی جگہ بھی تعمیراتی کام میں تعطل نہیں ہونا چاہئے ۔

Related posts