میئر کے بھائی نے کار ریس کیلئے ایف ڈی اے سٹی اجاڑ دیا


فیصل آباد(نیوزلائن)میئر کے بھائی نے کار ریس کیلئے ایف ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم کے100درخت جڑ سے اکھاڑ دئیے۔ ایف ڈی اے سٹی میں اودھم مچاڈالا۔ ڈپٹی کمشنر کے مراسلے کیساتھ پر کارریس کے انتظامات کرنیوالے میئر کے بھائی نے ایف ڈی اے کی اراضی کو استعمال کرنے کیلئے ایف ڈی اے حکام سے اجازت لینا بھی گوارہ نہ کیا۔ بھائی کی کارستانیوں پر ڈی جی ایف ڈی اے شدید ناراض‘ درختوں کی کٹائی اور ہاؤسنگ سکیم کو اجاڑنے والے اقدامات سے نہ روکنے پر عملے کی سرزنش کر ڈالی۔نیوزلائن کے مطابق میئر فیصل آباد رزاق ملک کے بھائی ملک بلال نے ایف ڈی اے سٹی میں کارریس میلہ منعقد کرنے کیلئے ڈی جی ایف ڈی اے سے اجازت لئے بغیر ہی ایف ڈی اے سٹی میں انتظامات شروع کردئیے تھے۔ ذرائع کے مطابق کار ریس کی اجازت تو ملک بلال نے اپنے بھائی کی سفارش پر ڈپٹی کمشنر سے اجازت لے لی مگر اس کیلئے ایف ڈی اے سٹی کو استعمال کرنے کی اجازت ڈی جی ایف ڈی اے سے لینے کی ضرورت ہی نہ سمجھی گئی ۔ملک برادران نے کار ریس کیلئے ایف ڈی اے سٹی میں توڑ پھوڑ کی۔ انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا گیا۔ راؤنڈ اباؤٹ اکھاڑ دئیے گئے۔ ڈوائیڈرز کو نقصان پہنچایا گیا۔ جبکہ کئی سال پرانے100درخت جڑ سے اکھاڑ دئیے گئے۔صورتحال کا علم ہونے پر ڈی جی ایف ڈی اے کار ریس منعقد کرنیوالے کوغیرقانونی اقدامات کے باوجود محض اس لئے کچھ نہ کہہ سکے کہ وہ میئر رزاق ملک اور ایم پی اے نواز ملک کا بھائی ہے۔ اور وہ ڈپٹی کمشنر کا اجازت نامہ برائے انعقاد کار ریس لے کر آیا تھا۔ مگر ڈی جی نے ایف ڈی اے سٹی میں توڑ پھوڑ اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچائے جانے کا غصہ اپنے افسران اور عملے پر اتارا۔ انہوں نے توڑ پھوڑ اور درخت کاٹے جانے پر افسران و عملے کی سخت سرزنش کی اور وارننگ نوٹس جاری کردیا۔

Related posts