جاری ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے کا حکم


فیصل آباد(نیوزلائن) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ہدایت کی ہے کہ نڑوالا بائی پاس تا امین پورموٹروے انٹرچینج تک اڑھائی کلومیٹر دو رویہ سڑک کی تعمیر کے سلسلے میں دستیاب فنڈز کو دانشمندانہ انداز میں بروئے کارلایا جائے اورمتعلقہ افسران موقع پر موجود رہ کر تعمیراتی کام کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی تعمیراتی پیشرفت کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، ہیڈ کوارٹرز محمدشاہد،میاں آفتاب احمد،ریذیڈنٹ انجینئر نیسپاک امجد سعید،محکمہ تعلیم،صحت،روڈز،بلڈنگز،ایف ڈی اے،ضلع کونسل،میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کی تازہ ترین صورتحال کاجائزہ لیا اور بجلی کے کھمبوں وتجاوزات ہٹانے کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورویہ شاہراہ موٹروے تک رسائی اور آمدورفت میں بے حد آسانی پیدا کریگی۔اجلاس کے دوران گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کی اپ گریڈیشن ،ناولٹی پل انڈر پاس،کشمیر پل انڈر پاس،سپورٹس کمپلیکس،عبداللہ پور سے گٹ والا سروس روڈ کی تعمیر سمیت دیگر منصوبے بھی زیرغورآئے۔

Related posts