زرعی یونیورسٹی کے شہباز ٹاؤن میں چرچ کا افتتاح


فیصل آباد (نیوزلائن) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اندر واقع شہباز ٹاؤن میں 60ہزار روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے یونیورسٹی چرچ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی ۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال اور بشپ آف فیصل آباد جوزف ارشد نے چرچ کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال کہا کہ اسلام سلامتی اور رواداری کا درس دیتا ہے ۔ یونیورسٹی میں چرچ کی تعمیر سے قائد اعظمؒ کاپیغام حقیقی معنوں میں شرمندۂ تعبیر ہوا ہے ۔ قائد اعظم نے پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اپنی عبادت گاہوں میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے مکمل آزاد قرار دیا تھا۔یہ آزادی ملک بھر میں میسر ہے۔ یونیورسٹی کے 350مسیحی ملازمین اور شہباز ٹاؤن میں رہائشی مسیحی فیملیز کیلئے تعمیر کردہ چرچ کے آغاز سے ان لوگوں کو اپنی مذہبی عبادات کی ادائیگی میں آسانی ہو گی۔ اس موقع پر بشپ فیصل آباد جوزف ارشد نے کہا کہ چرچ کا افتتاح مسیحیوں کی سالہا سال سے یونیورسٹی کیلئے خدمات اور اس کے ساتھ محبت کا بھی ثمر ہے۔ جبکہ اس پروقار انداز میں مسیحیوں کی خدمات کا اعتراف کرنے پر وہ اور پوری مسیحی برادری یونیورسٹی انتظامیہ کے مشکور ہیں۔

Related posts