فیصل آباد پولیس خطرناک اشتہاریوں کیخلاف آپریشن میں ناکام


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد پولیس کا خطرناک اشتہاریوں کیخلاف آپریشن بری طرح ناکام ثابت ہوا۔سی پی او فیصل آباد کیٹگری اے میں شامل خطرناک اشتہاریوں کی عدم گرفتاری پر شدید ناراض‘ ایس پیز اور‘ ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو مراسلے پر مراسلے بھجوائے گئے مگر پولیس کارکردگی بہتر بنانے سے گریزاں ہے۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں خطرناک اشتہاریوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔فیصل آباد پولیس کے اپنے اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ شہر میں 638انتہائی خطرناک اشتہاری سرگرم ہیں ۔ یہ اشتہاری بھتہ خوری‘ ٹارگٹ کلنگ‘ سٹریٹ کرائم‘ مقابلوں میں پولیس افسران کو مارنے ‘ ڈکیتی ‘ راہزنی کی وارداتوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔آئی جی پنجاب متعدد مرتبہ ان کی گرفتاری یقینی بنانے کے احکامات جاری کرچکے ہیں مگر پولیس انہیں گرفتار کرنے میں بری طرح ناکام ہے۔ فیصل آباد پولیس کی خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہورہی ہیں ۔ سی پی او فیصل آباد نے متعدد مرتبہ ایس پیز‘ ڈی سی اپیز اور ایس ایچ اوز کے چٹھیاں ‘ مراسلے‘ لیٹر جاری کئے اور اشتہاری گرفتار کرنے کا حکم دیا مگر پولیس اتنی بڑی تعداد میں سرگرم خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری یقینی بنانے میں بری طرح ناکام ہے اور شہر میں جرائم کی وارداتوں میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

Related posts