دس سرکاری کالجوں میں نئے کلاس رومز کی تعمیر کا پلان تیار


فیصل آباد(نیوزلائن) فیصل آباد ریجن دس سرکاری کالجوں کو 102کلاس رومز کی کمی کا سامنا ہے۔کلاس رومز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے سکیمیں صوبائی حکومت کو بھجوا دی گئی ہیں ان کالجوں میں آٹھ لیبز سمیت 102کلاس رومز کی تعمیر کیلئے ڈیمانڈ بھجوائی گئی ہے جس میں سے خواتین کالج سمندری میں 12کلاس رومز پر مشتمل بی ایس بلاک‘ بوائز کالج سمندری میں 12کلاس رومز پر مشتمل بی ایس بلاک‘ گورنمنٹ ملت ڈگری کالج غلام محمد آباد میں چھ کلاس رومز اور چار لیبز پر مشتمل ڈگری بلاک‘ گورنمنٹ کالج آف سائنس سمن آباد میں 20نئے کلاس رومز‘ گورنمنٹ کالج برائے خواتین جڑانوالہ میں چھ نئے کلاس رومز‘گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 10کلاس رومز‘گورنمنٹ پی ایس ٹی کالج کمالیہ میں دس کلاس رومز پر مشتمل بی ایس بلاک‘ گورنمنٹ کالج موروثی پور میں چھ کلاس رومز اور چار لیبز پر مشتمل نیا بلاک‘گورنمنٹ کالج برائے خواتین پیر محل میں چھ کلاس رومز اسی طرح جامع نصرت کالج برائے خواتین چناب نگر میں چھ نئے کلاس رومز کی تعمیر کیلئے سکیمیں بھجوائی گئی ہے آئندہ صوبائی بجٹ میں منظوری کے بعد نئے مالی سال میں دس سرکاری کالجوں میں نئے کلاس رومز کی تعمیر کاکام شروع کردیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق کمروں کی کمی کے باعث طلبہ مشکلات کا شکار ہیں اور ایک ایک کمرے میں ضرورت سے کہیں زیادہ طلبہ بٹھائے جارہے ہیں جس سے اساتذہ کو بھی پڑھانے اور طلبہ پر توجہ میں دقت ہوتی ہے۔

Related posts