سابق چیف سیکرٹری ناصر کھوسہ نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب نامزد


لاہور(نیوزلائن) ناصر سعید کھوسہ کو نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب نامزد کر دیا گیا ہے، ناصر سعید کھوسہ سپریم کورٹ کے جسٹس آصف کھوسہ کے بھائی ہیں جوکہ پاناما کیس کا فیصلہ سنانے والے پانچ رکنی بینچ میں بھی شامل تھے۔ نیوزلائن کے مطابق وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کے درمیان ملاقات میں نگران وزیراعلیٰ کیلئے ناصر سعید کھوسہ کے نام پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔اس موقع پر شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناصر سعید کھوسہ اچھی شہرت کی حامل شخصیت ہیں۔ملک کو جمہوری نظام کے تحت ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کا کہناتھا کہ ناصر سعید کھوسہ کا نام پی ٹی آئی نے دیا تھا ، ناصر کھوسہ 31 مئی سے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے فرائض انجام دیں گے واضح رہے کہ اس سے قبل نگراں وزیراعظم کیلئے سابق چیف جسٹس ناصر الملک کو نامزد کیا گیاہے ۔ نئے نامزد کردہ وزیرِاعلیٰ پنجاب ناصر خان کھوسہ نے امریکا سے پبلک ایڈمنسٹریشن کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ ان کا تعلق چھٹے کامن سے ہے۔ ماضی میں وہ کئی اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ ناصر خان کھوسہ سابق چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل سیکرٹری ٹو پی ایم اور چیف سیکرٹری بلوچستان کےعہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ وہ ورلڈ بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر رہ چکے ہیں جبکہ پنجاب آنے سے قبل وہ ایڈیشنل سیکریٹری وزیرِاعظم سیکریٹریٹ تھے۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دور میں ناصر خان کھوسہ ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد رہے۔ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی ناصر خان کھوسہ شامل تھے۔ ناصر خان کھوسہ کے ایک بھائی جسٹس آصف سعید کھوسہ سپریم کورٹ کے جج ہیں، دوسرے بھائی طارق کھوسہ آئی جی بلوچستان اور ڈی جی ایف آئی اے رہ چکے ہیں۔

Related posts