پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق رائے نہ ہو سکا



لاہور (نیوزلائن) پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق رائے نہ ہو سکا، معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر محمودالرشید کے ترجمان حافظ ذیشان رشیدکے مطابق گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید اور سابق وزیر قانون رانا ثنا ء اللہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں متفقہ طور پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے حوالے کرنے پر اتفاق ہوا۔ بعد ازاں میاں محمودالرشید نے بنی گالہ میں سربراہ تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔ ترجمان سابق اپوزیشن لیڈر حافظ ذیشان رشید کے مطابق ملاقات میں نگران وزیراعلیٰ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے نام فائنل کئے گئے۔ ترجمان کے مطابق میاں محمودالرشید کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کی گئی جس میں سبطین خان اور شعیب صدیقی ممبر ز ہونگے جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال خان کو تحریک انصاف نے پارلیمانی کمیٹی سے متعلق آگاہ کر دیا ہے جس کا نوٹیفکیشن آج( پیر) کو جاری ہونے کا امکان ہے۔ جس کے بعد حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی میں پہلا اجلاس ہوگا۔ دریں اثنا ء میاں محمودالرشید نے اسلام آباد میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نگران وزیراعلیٰ کے معاملے پر پہلے دن سے ہی سنجیدہ نہیں تھی، ناصر کھوسہ کانام واپس لینے کے بعد بھی بہت وقت تھا حکومت چاہتی تھی اس معاملے کو احسن طریقے سے سرانجام دے سکتی تھی۔جبکہ وزیراعلیٰ پنجا ب محمد شہبازشریف نے پارلیمانی کمیٹی کے ممبران کے ناموں کا اعلان کردیا جس میں سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ خان ،خواجہ عمران نذیر اور ملک احمد خاں شامل ہیں ۔

Related posts