چار لیگی ارکان اسمبلی کے پی ٹی آئی کیساتھ خفیہ رابطے


فیصل آباد(احمد یٰسین)فیصل آباد کے چار سبکدوش ن لیگی ایم پی ایز کے پی ٹی آئی کیساتھ خفیہ رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ان چاروں ن لیگی رہنماؤں نے مسلم لیگ ن کی ٹکٹ کیلئے بھی درخواست دے رکھی ہے جبکہ پی ٹی آئی کی ٹکٹ کیلئے بھی تحریک انصاف کی قیادت کیساتھ رابطے میں ہیں۔ نیوزلائن کے مطابق مسلم لیگ ن کے سبکدوش ہونے والے چار ایم پی ایز ظفر اقبال ناگرا‘ حاجی خالد سعید‘ شیخ اعجاز احمد اور راؤ کاشف رحیم کے تحریک انصاف کی قیادت کیساتھ خفیہ رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔ تحریک انصاف کے ایک اہم رہنما ان چاروں کیساتھ خفیہ رابطے رکھے ہوئے ہیں اور انہیں پی ٹی آئی میں شمولیت کیلئے مسلسل رابطہ کاری کر رہے ہیں۔یہ چاروں سبکدوش ایم پی ایز شہباز حکومت کے دور میں وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کے انتہائی قریب رہے ہیں اور ان کے خاص ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔ان چاروں نے ہی آمدہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کی ٹکٹ کیلئے درخواست بھی دے رکھی ہے۔ جبکہ ساتھ ہی ساتھ پی ٹی آئی کیساتھ بھی ٹکٹ کیلئے بات چیت کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان ن لیگی رہنماؤں کے پی ٹی آئی کیساتھ رابطے نئے نہیں ہیں بلکہ طویل عرصہ سے ہی چاروں رابطے میں ہیں۔ ظفر اقبال ناگرا اور راؤ کاشف رحیم تو پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت کیلئے بھی تیار تھے مگر ٹکٹ کی کنفرمیشن کے معاملے پر ڈیڈ لاک ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق ظفر اقبال ناگرا فیصل آباد شہر کے قومی اسمبلی کے ایک حلقہ سے ٹکٹ کیلئے پیپلز پارٹی کیساتھ بھی رابطے میں ہیں ۔

Related posts