فیصل آباد کی بیوروکرسی میں اکھاڑ پچھاڑ کیلئے لسٹیں تیار


فیصل آباد(ندیم شہزاد سے)الیکشن کمیشن اور عبوری حکومت نے فیصل آباد سمیت پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کرلیا ہے ۔تبدیلی کیلئے لسٹیں تیار ہیں ۔کمشنر ‘ ڈپٹی کمشنر ‘ آر پی او‘ سی پی او سمیت تمام محکموں کے سربراہان بدلے جائیں گے ۔صوبائی سیکرٹریز کو بھی ہٹایا جا رہا ہے۔ متعدد افسران کو صوبہ بدر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ بہت سے ایک سے دوسرے شہر بھیجے جائیں گے۔ فیصل آباد میں رانا ثناء اللہ کے انتہائی مخالف اور مسلم لیگ ن کے دور میں کھڈے لائن لگائے گئے افسران لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد میں بڑے پیمانے پر بیوروکریسی کیلئے لسٹیں تیار کر لی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن اور عبوری حکومت نے متفقہ فیصلے کے تحت تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ’’وزیر اعلیٰ ثانی‘‘ کا درجہ رکھنے والے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کے انتہائی مخالف افسران کو فیصل آباد میں لانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ انتظامی افسران کیساتھ پولیس میں بھی ایسے افسران لائے جا رہے ہیں جو کہ رانا ثناء اللہ کیساتھ کسی بھی طرح کی ہمدردی نہیں رکھتے۔ شہباز شریف دور میں رانا ثناء اللہ کی پسند سے تعینات کئے گئے افسران کو دور دراز بھجوانے یا کھڈے لائن لگانے کیلئے کام کیا جارہا ہے۔ احتساب اور جواب دہی کے خوف سے متعدد افسران لمبی چھٹی لے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق کمشنر فیصل آباد مومن آغا کو صوبہ بدر کرنے پر غور ہورہا ہے۔ کمشنر لاہور عبداللہ سنبل ‘ سیکرٹری داخلہ اعظم سلمان ‘ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل بھی صوبہ بدر کئے جانے والی لسٹ میں شامل ہیں۔ نیوزلائن کو موصولہ اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے انتہائی چہیتے آفیسر آر پی آو فیصل آباد بلال صدیق طویل رخصت لے کر بیرون ملک جا چکے ہیں ۔آر پی او فیصل آباد کیلئے فیورٹ ترین سابق سی پی او فیصل آباد سہیل حبیب تاجک ہیں۔ان کے علاوہ بھی دو افسران کے نام آر پی او فیصل آباد کیلئے لئے جا رہے ہیں۔ رانا ثناء اللہ کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے سی پی او فیصل آباد اطہر اسماعیل اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سلمان غنی کو بھی فارغ کیا جارہا ہے۔ ایس ایس پی آپریشن رانا معصوم سمیت پولیس کے تمام اعلیٰ افسران فیصل آباد سے تبدیل کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ رانا ثناء اللہ اور ان کے دست راست شیخ اعجاز احمد کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے ڈی جی ایف ڈی اے یاور حسین کو بھی کھڈے لائن لگانے کی تیاریا ں ہیں۔کمشنر فیصل آباد کیلئے سندھ سے آنیوالے ایک آفیسر کیساتھ خیبر پختونخواہ سے آنیوالے ایک آفیسر فیورٹ لسٹ میں رکھے گئے ہیں۔عید کے فوری بعد ٹرانسفر اور تعیناتیوں کا ریلہ چلایا جائے گا۔

Related posts