ڈبلیو ایچ او نے فیصل آباد میں بوگس پولیو سیمپلنگ پکڑ لی


فیصل آباد(احمد یٰسین)ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے فیصل آباد میں پولیو کی بوگس سیمپلنگ پکڑ لی۔معاملے میں اعلیٰ افسران سمیت اہم شخصیات کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نیوزلائن کے مطابق پولیو مہم کے نتائج جانچنے کیلئے پولیو ٹیسٹ کئے جاتے ہیں جس کیلئے ہر شہر سے سیمپل اکٹھے کرکے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو بھجوائے جاتے ہیں۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو فیصل آباد سے بھجوائے گئے سیمپلوں میں بوگس سیمپل ملے ہیں۔ ایک سیمپل کو کئی کئی ناموں سے بھجوایا گیا جبکہ متعدد سیمپل دو سے زیادہ جگہوں کے ظاہر کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بوگس سیمپل صرف ایک دفعہ نہیں بھجوائے گئے بلکہ متعدد مرتبہ ایسا کیا جا چکا ہے۔ بوگس سیمپل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر آصف شہزاد‘ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ظفرعباس اور محکمہ صحت کے متعدد دیگر افراد کے دستخط اور مہر سے بھجوائے گئے ہیں۔اس معاملے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے سابق چیئرمین نورالامین اور سلمان غنی کی غفلت بھی پائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے فیصل آباد سے پولیو ٹیسٹنگ کیلئے بوگس سیمپل کا معاملہ محکمہ صحت پنجاب کیساتھ بھی اٹھایا ہے اور وفاقی وزارت صحت کو بھی اس بارے میں آگاہ کیا ہے اور بوگس سیمپل کے معاملے پر اپنا شدید احتجاج نوٹ کروایا ہے۔

Related posts