نواز شریف کی واپسی ہوگی:الیکشن بائیکاٹ نہیں کرینگے‘رانا ثناء


فیصل آباد(نیوزلائن)سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کسی صورت الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریگی بلکہ ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔ مخالفین الیکشن ٹیمپر کرنا چاہتے ہیں مگر ہم انکا راستہ روکیں گے جس نے بھی ماحول خراب کرنے کی کوشش کی ہمارا رخ اسکی طرف ہوگا۔ میاں نوازشریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں انہیں پاکستان آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔میئر فیصل آباد رزاق ملک اور ن لیگی امیدواران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ہم نے خدمت جبکہ مخالفین نے گالی گلوچ کی سیاست کی ملک سے اندھیرے ختم کرنے کیساتھ ساتھ ہمارے اقدامات سے دہشتگردی میں کمی ہوئی جس پر فوجی جوانوں اور افسران کو سلام پیش کرتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فیصل آباد کو چند سال میں گاؤں سے بڑا شہر بنادیا ایکسپریس وے‘موٹرویز‘فلائی اوورز‘ انڈر پاسز‘ہسپتال سب ن لیگ کی حکومت کا ہی کارنامہ ہے۔ 2013میں 20‘20گھنٹے لوڈشیڈنگ تھی مگر صرف پانچ سال میں ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا کرکے ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کردیا۔ ساہیوال کا منصوبہ 1230 میگا واٹ پیدا کررہا ہے جبکہ دیگر منصوبوں کے ثمرات بھی جلد عوام تک پہنچنا شروع ہوچکے ہیں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تمام ترسازشوں کے باوجود عوام آج بھی ن لیگ کیساتھ کھڑے ہیں جبکہ فیصل آباد میں تمام لیگی امیدوار اور دھڑے شیر کی کامیابی کیلئے متحد ہوکر مہم چلا رہے ہیں اور25جولائی کو ایک مرتبہ پھر شیر ہی کامیاب ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن 11جولائی کو فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی ۔ یہ جلسہ نئی سیاسی تاریخ رقم کریگا صدر مسلم لیگ ن میاں شہبازشریف خصوصی خطاب کرینگے۔

Related posts