خیبر پولیس اور نیب کیپٹن صفدر کو پکڑنے میں ناکام


اسلام آباد(نیوزلائن)خیبر پختونخواہ کی پولیس اور نیب کی ٹیمیں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر کو پکڑنے میں ناکام رہی ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق کیپٹن صفدر احتساب عدالت سے فیصلہ سنائے جانے کے وقت مانسہرہ میں موجود تھے۔ پولیس کی مدد سے نیب حکام نے کیپٹن صفدر کو پکڑنے کی کوشش کی مگر اس میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ کیپٹن صفدر فیصلہ سنائے جانے کے وقت عوامی اجتماع میں تھے۔ ان پر نظر بھی رکھی جا رہی تھی مگر پھر وہ اچانک روپوش ہو گئے۔ ان کی تلاش کی جارہی ہے مگرخیبر پختونخواہ پولیس اور نیب حکام کیپٹن صفدر کا سراغ لگانے میں ناکام ہیں۔ نیب حکام تو شبہ ظاہر کررہے ہیں کہ کیپٹن صفدر بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم کیپٹن صفدر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہی موجود ہیں اور فرار کی کوئی کوشش نہیں کررہے۔ وہ پاکستان سے باہر نہیں جا رہے۔ وہ فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل کریں گے۔ اور قانونی جنگ لڑیں گے۔

Related posts