موو آن پاکستان نے ڈیم بناؤ تحریک کا اعلان کردیا


فیصل آباد(نیوزلائن) فیصل آباد کے معروف سیاسی رہنما میاں کامران نے اپنی سیاسی جماعت موو آن پاکستان کے پلیٹ فارم سے ڈیم بناؤ تحریک کا اعلان کردیا ہے۔ ڈیم بناؤ تحریک کیلئے خصوصی مہم چلانے اور عطیات اکٹھے کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ میاں کامران نے ڈیم بناؤ فنڈ میں اپنی اور اپنی پارٹی کے کارکنوں کی طرف سے عطیہ بھی جمع کروایا۔ نیوزلائن کے مطابق موو آن پاکستان کے سربراہ میاں کامران نے ملک میں پانی کی کمی ختم کرنے کیلئے خصوصی ’’ڈیم بناؤ‘‘مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میاں کامران کا کہنا ہے کہ پانی کی کمی کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے۔ مستقبل میں پانی کی کمی پر قابو پانے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈیم بناؤ مہم میں مووآن پاکستان کی پوری ٹیم حصہ لے گی اور عطیات اکٹھے کئے جائیں گے۔ تاکہ ڈیم بنانے کے اہم کام میں ہم اپنا حصہ ادا کرسکیں۔ لوگوں کو ڈیم بناؤ فنڈ میں عطیات جمع کروانے کی ترغیب دی جائے گی اور خود بھی عطیات جمع کر کے فنڈ میں جمع کروائیں گے۔ میاں کامران نے اپنی طرف سے تین لاکھ روپے جبکہ اپنی پارٹی کے کارکنوں کی طرف سے جمع کئے گئے ساڑھے 33ہزار روپے بھی ڈیم بناؤ فنڈ میں جمع کروائے۔

Related posts