نوازشریف اور مریم وطن واپس پہنچتے ہی ایئرپورٹ سے گرفتار


لاہور(نیوزلائن )احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو قومی احتساب بیورو (نیب ) کی ٹیم نے لندن سے وطن واپس پہنچتے ہی لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا، نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کو سخت سکیورٹی میں ائیر پورٹ سے ہی خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ،نواز شریف کے ہمراہ آنے والوں نے مبینہ طو رپر معمولی مزاحمت بھی کی ۔نیوزلائن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو لانے والی نجی ائیر لائن کی پرواز ای وائی 243 کے ذریعے مقررہ وقت سے تقریباً ڈھائی گھنٹے تاخیر سے ابو ظہبی سے لاہور پہنچی ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کے ہمراہ 40 کے قریب رہنما اور کارکن بھی لاہور پہنچے جن کی جانب سے نیب اور سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ معمولی مزاحمت بھی کی گئی ۔ بتایاگیا ہے کہ نیب اور سکیورٹی اہلکاروں نے پہلے تمام مسافروں کو جہاز سے نیچے اتار کر حج ٹرمینل سے بسوں کے ذریعے لاؤنج میں منتقل کیا جس کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کا پاسپورٹ قبضے میں لے کر امیگریشن کے مراحل کو مکمل کرایا گیا ۔ اس موقع پر سکیورٹی اہلکاروں جن میں خواتین اہلکار بھی شامل تھیں نیب کی ٹیم کے ہمراہ نواز شریف اور مریم نواز کو لے کر ائیر پورٹ پر ہی موجود خصوصی طیارے میں پہنچ گئے جس کے بعد طیارہ اسلام آباد کے لئے روانہ ہو گیا ۔

Related posts