نوازشریف اور مریم نواز رات کی تاریکی میں اڈیالہ جیل منتقل


اسلام آباد(نیوزلائن)ایون فیلڈریفرنس میں احتساب عدالت سے سزا یافتہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو رات کی تاریکی میں اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل دونوں کو لاہور ائیرپورٹ پہنچنے پر نیب کی ٹیم نے حراست میں لے لیا تھا اور خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد منتقل کیا گیا۔نیوزلائن کے مطابق میاں نواز شریف کو جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔ جیل ذرائع کے مطابق ایون فیلڈ میں سزا یافتہ مسلم لیگ ن کے قائدنواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو نصف شب کے قریب اڈیالہ جیل لایا گیا۔ نیب کی ٹیم پولیس کی بھاری نفری کی سکیورٹی میں نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل لے کر آئے۔ جیل قوانین کو نظر انداز کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں اڈیالہ جیل کو خصوصی طور پر کھولا گیا اور نواز شریف اور مریم نواز کوجیل حکام نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ نیب کی ٹیم نے نواز شریف اور مریم نواز کو جیل حکام کے حوالے کرنے کے حوالے سے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے احکامات بھی پہنچائے۔ جیل پہنچتے ہی دونوں کا میڈیکل چیک اپ کیا گیا۔

Related posts