مریم نواز کو جیل میں ’’ڈالر گرل‘‘ایان علی والی بیرک الاٹ


اسلام آباد(نیوزلائن)ایون فیلڈ ریفرنس میں سات سال قید بامشقت کی سزاپانے والی سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ انہیں میڈیکل چیک اپ کے بعد قیدی نمبر الاٹ کردیا گیا ہے اور جیل میں متعلقہ بیرک میں بھی بھجوا دیا گیا ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں مریم نوازشریف کو وہی بیرک الاٹ کی گئی ہے جو کچھ عرصہ قبل ’’ڈالر گرل‘‘ ایان علی کو ملی تھی۔ منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار ہونے کے بعد ایان علی کو اسی بیرک میں رکھا گیا تھا اب وہی بیرک مریم نواز شریف کو الاٹ کردی گئی ہے۔ اڈیالہ جیل میں قید کے دوران مریم نواز کو اپنے روزوشب اسی بیرک میں گزارنے ہوں گے جہاں ایان علی اپنی قید کے دن گزار چکی ہیں۔ ایان علی اور مریم نواز کی جیل میں زندگی کا بڑا فرق دونوں کا جیل میں سٹیٹس ہے۔ ایان علی سزا یافتہ مجرم نہیں تھیں اور محض ایک ملزم تھی جس کا کیس عدالت میں زیر سماعت تھا اور ابھی تک بھی اس کا فیصلہ نہیں ہوا۔ جبکہ مریم نواز کو کیس زیر سماعت ہونے کے دوران حراست میں ہی نہیں لیا گیا ۔ اب وہ جیل پہنچی ہیں تو وہ عدالت سے سزا یافتہ ہیں اور ملزم سے مجرم بن چکی ہیں۔ اعلیٰ عدلیہ میں اپیل کرنے تک ان کا مجرم کا سٹیٹس کم ہو کر ملزم کا سٹیٹس نہیں بنے گا۔

Related posts