ائیرفورس نے فیصل آباد میں منعقدہ قومی کبڈی چیمپئن شپ جیت لی


فیصل آباد (نیوز لائن) اکتالویں قومی کبڈی چیمپئن شپ پاکستان ائیرفورس نے جیت لی۔پی اے ایف نے فائنل میں واپڈا کی ٹیم کو 40کے مقابلے میں 51پوائنٹس سے شکست دی۔فائنل میچ کے موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں فرخ حبیب مہمان خصوصی تھے جنہوں نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔فائنل میچ سے قبل چیمپئن شپ میں تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لئے مقابلہ ہوا جس میں سوئی گیس کی ٹیم نے آرمی کی ٹیم کو 35کے مقابلے میں 51 پوائنٹس سے ہراکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور تین لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اوردولاکھ روپے کے نقدانعامات دئیے گئے۔تیسری اور چوتھی پوزیشن کی حامل ٹیموں کو ایک ایک لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافیز دی گئیں۔چیمپئن شپ میں بہترین ریڈر کاانعام 50ہزار روپے واپڈا کی ٹیم کے کھلاڑی جابر کمبوہ اور بہترین سٹاپر کاانعام 50ہزارروپے ائیر فورس کی ٹیم کے نفیس گجر نے حاصل کیا۔اس موقع پر پوزیشن ہولڈرز ٹیموں کے تمام کھلاڑیوں کو میڈلز اورسر ٹیفکیٹس بھی دئیے گئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت کی مفید پالیسیوں کی بدولت کھیلوں کے میدان آباد ہورہے ہیں اور پاکستان کا سافٹ امیج ابھر کر سامنے آرہا ہے جو پاکستان کے پرامن اور بین الاقوامی کھیلوں کے لئے ساز گار ہونے کی دلیل ہے۔

Related posts