اسلام کا درس دینے والا میڈیا ہاؤس ڈیٹنگ کا اشتہار چلانے لگا

فیصل آباد (عاطف چوہدری) اسلام اور مدینے سے عقیدت کا دم بھرنے اور دنیا کو اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کرتے نہ تھکنے والے میڈیا ہاؤس کے مالکان نے اپنی ہی میڈیا ویب سائٹ پر ڈیٹنگ کا اشتہار چلانا شروع کردیا۔ صرف ڈیٹنگ کا اشتہار ہی نہیں چلایا جارہا بلکہ خلاف اسلام عمل (ڈیٹنگ ) کو مسلم ڈیٹنگ قرار دے کر اسلامی تعلیمات کی صریحاً خلاف ورزی بھی کی جارہی ہے۔ نیوز لائن کے مطابق پاکستان کے کنٹری کوڈ سے منسوب اس میڈیا ہاؤس کے ٹی وی چینل اور اخبارات میں اسلامی تعلیمات پر بھرپور فوکس کیا جاتا ہے۔ یہی نہیں اس میڈیا ہاؤس کے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے مالکان نے مدینہ منورہ سے عقیدت ظاہر کرنے کیلئے اپنے انڈسٹریل اور تجارتی اداروں کا نام بھی مدینہ سے منسوب کرکے رکھا ہوا ہے۔ بظاہر خود کو اسلامی تعلیمات کے ڈھانچے میں ڈھالا ہوا ظاہر کرنے کیلئے خیرات اور امداد کی تقریبات اور اسی تناظر میں اجتماعی شادیاں کرکے ان کی بھرپور تشہیر بھی کی جاتی ہے۔ اس میڈیا ہاؤس کے مالکان نے اپنی پرائیویٹ یونیورسٹی کے لوگو میں بھی مدینہ کا نام شامل کررکھا ہے۔ خود کو اسلامی تعلیمات کے ڈھانچے میں اس قدر ڈھلا ہوا ظاہر کرنے والے میڈیا مالکان اور ملک کے معروف صنعتکار کی ویب سائٹ پر ڈیٹنگ کا اشتہار چلنا اسلامی تعلیمات پر عمل کی نفی کررہا ہے۔ صرف یہی نہیں اس اشتہار میں ڈیٹنگ جیسے غیراسلامی فعل کو مسلم ڈیٹنگ کا نام دے کر اسلامی تعلیمات کا مذاق بھی اڑایا گیا ہے۔نیوز لائن کے مطابق اسلامی تعلیمات کا مذاق اڑانے والے اس اشتہار کو مذکورہ میڈیا گروپ نے صرف ایک ہی بار یا ایک ہی لنک پر نہیں چلایا بلکہ مختلف لنکس پر ‘مختلف صفحات پر اور مختلف دورانیہ میں مسلسل چلایا جاتا رہا۔

Related posts