انجینئرنگ یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس کی سکیورٹی ناقص قرار


فیصل آباد(عاطف چوہدری)انجینئرنگ یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس کی سکیورٹی ناقص قرار دیدی گئی ہے۔ سکیورٹی فورسز کی خصوصی ٹیم نے اپنی انسپکشن رپورٹ میں یو ای ٹی کی سکیورٹی کو تمام پہلوؤں سے ناقص قرار دیا اور سکیورٹی کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کو لاپرواہی اور غفلت کا مرتک قرار دیا۔ نیوزلائن کے مطابق سکیورٹی فورسز کے خصوصی سروے میں سامنے آیا ہے کہ مکوآ نہ بائی پاس پر قائم یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کے فیصل آباد کی سکیورٹی تسلی بخش نہیں ہے ۔امن وامان کی تشویشناک صورتحال کے تناظرمیں کئے سروے میں سامنے آیا کہ یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس اورہاسٹلز میں سکیورٹی کے انتظامات انتہائی ناقص ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی غفلت اورلاپرواہی کے باعث یونیورسٹی کے ایک ہزارسے زائد طلباء و طالبات کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں جبکہ طلبہ کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی اقدامات موثر بناناہوں گے ۔رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی کی داخلی گزرگاہ پرنصب الیکٹرانک واک تھرو گیٹ فنی خرابی کے سبب گزشتہ کئی ماہ سے غیرفعال ہے۔ مین گیٹ پر چیکنگ کے لئے رکھے گئے اکلوتے میٹل ڈٹیکٹرکااستعمال بھی کبھی کبھارہی کیاجاتاہے ۔سروے ٹیم کی طرف سے یونیورسٹی ایریامیں نصب کلوزسرکٹ ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم میں غیر تربیت یافتہ عملہ تعینات ہونے کی نشاندھی کی گئی ۔ 157ایکٹراراضی پرمشتمل یونیورسٹی کی چاردیواری نامناسب لائٹنگ کے سبب غیرمحفوظ قراردی گئی۔

Related posts