انٹی کرپشن کو’’بڑے مگرمچھوں‘‘ کیخلاف کام کرنے کا حکم


فیصل آباد(نیوزلائن)نئے ڈائریکٹر جنرل انسداد رشوت ستانی پنجاب حسین اصغر نے انٹی کرپشن حکام کو چھوٹے سرکاری ملازمین کو کرپشن کے نام پر بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کرنے اور بڑے مگر مچھوں کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ حکم انہوں نے اپنے دورہ فیصل آباد کے دوران ریجنل آفس میں افسران سے میٹنگ کے دوران دیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن طارق قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر ( انویسٹی گیشن ) حافظ احمد طارق، ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل شہرام مظفر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زاہد مسعود نظامی، محمد اسلم جھنگ ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ سے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اسماء انجم ‘ محمد واجد بھروانہ ‘ محمد یونس اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ڈی جی نے کہا کہ انٹی کرپشن ملازمین ہمیشہ چھوٹے ملازمین کو بلیک میل کرتے ہیں۔ چھوٹے ملازمین کے خلاف انکوائری خود کرنے کی بجائے ان کے متعلقہ دفاتر کو بھجوائیں اور انٹی کرپشن مگر مچھوں کے خلاف کارروائی کرے۔ ایک ماہ کے اندر کارکردگی نہ دکھانے والوں کو محکموں میں واپس بھجوا دیا جائیگا ۔ڈی جی کا کہنا تھا کہ پٹواری ، یونین کونسل سیکرٹری، تھانیدار،کارپوریشن کے اہلکاروں کے خلاف شکایات کارروائی کیلئے ان کے متعلقہ ہیڈزکو بھجوائیں۔ان ملازمین کے خلاف کارروائی کے لئے ایس پی، ڈی سی اور اے سی موجود ہیں۔ آپ میگا کرپشن کیسسز کے پیچھے لگیں اور انہیں جلد از جلد حل کریں۔ فیصل آباد ڈویژن کے میگاڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے ریکارڈکی مکمل چھان بین کریں۔ انہوں نے کہا کسی بھی ترقیاتی منصوبے میں کرپشن کی علامات کا ازخود نوٹس لیکر مالی بے ضابطگیوں کو پکڑیں تاکہ سرکاری خزانے کو نقصان نہ ہو ۔

Related posts