اپنے حلقہ انتخاب کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کروں گا: فرخ حبیب

فیصل آباد (نیوز لائن) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 108 کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔ تعلیم ‘ صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی میرا مشن ہے ۔ لوگوں کی بھلائی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ صفائی کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔یہ بات انہوں نے حلقہ عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔حلقہ کو سرسبز بنانے کے لئے پارکوں ‘ گرائونڈوں اور گرین بیلٹوںمیں پودے لگائے جائیں گے ۔ اس سلسلے میں عوامی تعاون درکار ہے تاکہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق گرینڈ اینڈ کلین پاکستان کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے ۔انہوںنے سینٹری ورکروں کی کمی کی شکایات کے ازالے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ میرا کام لوگوں کے مسائل حل کرانا ہے ۔ اس سلسلے میرے دفتر کے دروازے عوامی خدمت کے لئے کھلے ہیں ۔ بلاتفریق عوامی مسائل حل کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں ‘ڈسپنسریوں اور مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ حلقہ کے عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ واضح کیا کہ ماضی میں اس حلقہ سے سوتیلا سلوک روا رکھا جس کی وجہ سے فراہمی و نکاسی آب سمیت صفائی ستھرائی اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے مسائل شتر بے مہار بڑھتے گئے ۔ ان مسائل کو حل کرنے کے لئے کچھ وقت درکار ہو گا ۔

Related posts