ایف ڈبلیو ایم سی کی اعلیٰ کارکردگی کا ثبوت: فیصل آباد گندا ترین شہر قرار


فیصل آباد (احمد یٰسین) دنیا بھر کے شہروں میں صفائی کی صورتحال کے حوالے سے عالمی رپورٹ نے فیصل آباد میں میاں شہباز شریف کی بنائی ” فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی” کی اعلیٰ کارکردگی کا ثبوت دیدیا ہے اور ایف ڈبلیو ایم سی کے نئے ایم ڈی کاشف رضا اور پرانے ایم ڈی عماد گل کے کمپنی کی بہترین کارکردگی کے دعووں کے کھوکھلے پن پر بھی مہر ثبت کردی ہے۔عالمی رپورٹ میں فیصل آباد کو عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر رکھا گیا ہے جبکہ پاکستان کا گندا ترین شہر قرار دیدیا گیا ہے۔ کراچی کے کوڑا کرکٹ کے حوالے سے مسلسل شورمچانے والی مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کو چپ سادھنے پر مجبور کردیا ہے۔ نیوز لائن کے مطابق دنیا بھر کے شہروں میں صفائی کی صورتحال کے حوالے سے ایک عالمی رپورٹ سامنے آئی ہے۔ دنیا کے بیس گندے ترین شہروں میں سے گیارہ بھارت کے شہر شامل ہیں۔ لائل پور کے باسیوں کے لئے خوشخبری یہ ہے کہ فیصل آباد کو یہ عالمی اعزاز ملا ہے کہ وہ گندے ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر موجود ہے۔فیصل آباد میں صفائی کی صورتحال کی ذمہ دار ی پانچ سال پہلے میاں شہباز شریف نے ایک پرائیویٹ کمپنی ”فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی” بنا کر اسے سونپی تھی۔ ایف ڈبلیوایم سی نے دن رات ایک کرکے فیصل آباد کو گندے ترین شہر کا اعزاز دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد کو یہ اعلیٰ ترین عالمی اعزاز دلانے میں ایف ڈبلیو ایم سی کے سابق ایم ڈی عماد گل نے خوب کردار نبھایا ہے اور ان کی شبانہ روز کاوشوں کی بدولت ہی فیصل آباد کو عالمی سطح پر یہ اعزاز ملا اور دنیا بھرمیں فیصل آباد کا نام ”روشن” ہوا ہے۔عماد گل نے اپنے دور میں کمپنی کے معاملات اس تندہی سے نبھائے اور فنڈز کا ایسا خوب ضیاع کیا کہ فیصل آباد میں صفائی کی صورتحال ابتر سے ابتر ہوتی گئی۔ تاہم اس کے باوجود وہ ایف ڈبلیو ایم سی کی ”اعلیٰ ترین” کارکردگی کے گن گاتے رہے اور شہر میں صفائی کی تسلی بخش صورتحال کا راگ الاپتے اور ”سب اچھا ہے” کی رپورٹس تیار کرکے میاں شہباز شریف کی حکومت کی آنکھوں میں دھول جھونکتے رہے۔عماد گل کے بعد آنیوالے ایم ڈی کاشف رضا نے بھی پچھلا سبق ہی دہرانا شروع کردیا اور کمپنی کی کارکردگی بہتر بنانے اور اپنی ذمہ داری نبھانے کی بجائے فوکس عوام کی کھال اتارنے پر کرلیا۔ شہر بھر سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کی ذمہ داری نبھانے میں ایف ڈبلیو ایم سی بری طرح ناکام ہے تا ہم اپنی ناکامی کا ملبہ شہریوں پر ڈالنے کیلئے کاشف رضا نے پر تولنا شروع کررکھے ہیں۔ ایف ڈبلیو ایم سی کی ایم ڈی کاشف رضا اور سابق ایم ڈی عماد گل اور دیگر ذمہ داران کی قابلیت اور قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت ہی ایف ڈبلیو ایم سی نے فیصل آباد کو یہ اعلیٰ ترین عالمی اعزاز دلوایا ہے جس پر دونوں کو بجا طور پر فخر ہوگا۔ ماضی میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کراچی میں کچرا کی بہتات اور صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہ ہونے کا شور مچاتی رہی ہیں۔ مگر اب پنجاب کے دوسرے بڑے شہر کو عالمی سطح پر گندے ترین شہروںمیں تیسرے نمبر پر فائز ہونے کا عزاز ملنے کے بعد دونوں جماعتوں نے خاموشی اختیار کرلی ہے اور بڑے بڑے دعوت کرنے اور سندھ حکومت پر پھبتیاں کسنے والے رانا ثنا ء اللہ اور دیگر ن لیگی قائدین اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے میاں شہباز شریف کی حکومت کے پانچ سالوں اور تحریک انصاف کی حکومت کے آٹھ ماہ کی عمدہ کارکردگی کا ثبوت عالمی اعزاز کی صورت میں ملنے پر چپ سادھ لی ہے ۔ذرائع کے مطابق کمشنر فیصل آبا دمحمود جاوید بھٹی نے پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد سے یہ اعلیٰ ترین عالمی اعزاز چھیننے کا پلان بنایا ہے اورہفتہ صفائی مہم شروع کرنے پر غور کررہے ہیں۔ اس کیلئے وہ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ ‘ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ‘ میونسپل کارپوریشن’میونسپل کمیٹیز’ یونین کونسلز کے حکام کو ہدایات دیتے پائے جارہے ہیں ۔ مگر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ایم ڈی ماضی کی روایات کو ختم کرنے پر آمادہ نظر نہیں آرہے اور ایف ڈبلیو ایم سی میں کوششیں جاری ہیں کہ کمشنر کا یہ پلان ناکام بنا کر فیصل آبادکے گندے ترین شہروں میں شامل ہونے کا عالمی اعزاز چھیننے کی سازشیں کامیاب نہ ہونے دی جائیں۔

Related posts