ایک کروڑ نوکریاں:کپتان پہلے دن کا ٹارگٹ پورا کرنے میں ناکام


فیصل آباد(احمد یٰسین)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور نومنتخب وزیراعظم عمران احمد نیازی اپنا ایک کروڑ نوکریوں کا پہلے دن کا ٹارگٹ پورا کرنے میں ناکام رہے۔ پہلے دن کے ٹارگٹ کے حصول میں ناکامی ان کے مستقبل کے ٹارگٹ کے حصول کومزید مشکل بنا دیگا۔نیوزلائن کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنی انتخابی مہم میں اعلان کیا تھا کہ وہ نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دیں گے۔ ایک کروڑ نوکری انہوں نے حکومت ملنے پر اس کی پانچ سالہ مدت کے دوران ہی دینی تھی۔ عمران خان نے الیکشن میں کامیابی حاصل کرلی اور حکومت بنانے میں بھی کامیاب ہو گئے۔ اب اپنے انقلابی اعلانات پر عمل کرنا ان کیلئے لازمی ہوگیا ہے۔ نیوزلائن کے مطابق عمران احمد نیازی نے نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکری دینے کا بہت بڑا اعلان کیا تھا۔ حکومت کی پانچ سالہ مدت میں انہیں صرف 1365دن میں ملیں گے اور انہیں اپنے تمام اعلانات اور وعدوں کو انہی 1365دنوں میں ہی پورا کرنا ہوگا۔ ایک کروڑ نوکری کا وعدہ پورا کرنے کیلئے پانچ سالہ حکومتی مدت میں عمران خان کو ہر روز کام کرنا ہوگا۔ عید ‘ شب برات‘ محرم‘ اور دیگر چھٹی کے دنوں میں بھی نوکریاں دینے کی چھٹی نہیں کی جاسکے گی۔ ایک کروڑ نوکری دینے کیلئے عمران خان کو پانچ سالہ حکومتی مدت ہر دن میں 5480نوکری روزانہ دینی ہوگی۔ کسی ایک دن بھی 5480نوکری دینے میں ناکام رہنے پر ان کا مستقبل کا ٹارگٹ مزید مشکل ہو جائیگا۔ عمران خان نے 18اگست 2018کو دن دس بجے ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ 19اگست کو ایک دن گزر گیا جبکہ عمران خان اپنے پہلے دن کے ٹارگٹ 5480نوکری دینے کے ٹارگٹ کو پورا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ اپنی پانچ سالہ حکومتی مدت میں انہیں ایسے بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ان کی پانچ سالہ حکومتی مدت میں سے ایک دن مزید کم ہوگیا۔ اب انہیں ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے صرف 1364دن ہی ملیں گے۔

Related posts